پاک ،عمان وزرا داخلہ کا اسلام آباد مسقط کو سسٹر سٹیز قرار دینے پر اتفاق
مسقط(نیوز ایجنسیاں )وزیرداخلہ محسن نقوی نے عمانی ہم منصب سے ملاقات کی اور پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے حوالے سے پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے کوآرڈی نیشن بہتر بنانے جبکہ اسلام آباد اور مسقط کو سسٹر سٹیز قرار دینے پر اصولی اتفاق ہوا۔مسقط میں عمان کی وزارت داخلہ آمد پر محسن نقوی کا عمانی ہم منصب سید حمود بن فیصل البوسیدی نے پرتپاک استقبال کیا۔ عمانی ہم منصب سے گفتگو میں محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بلیم گیم سے کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے ،پاکستان کا موقف بہت واضح ہے جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے ۔ ہم خطے میں پائیدار امن کے خواہاں ہیں ۔ ملاقات کے دوران پاکستانیوں کو درپیش ویزا کے حصول میں مسائل، انسداد منشیات و انسداد سمگلنگ پولیس ٹریننگ، کوسٹل گارڈز کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاک عمان تعاون کو نئی بلندیوں تک لے کر جائیں گے ۔علاوہ ازیں محسن نقوی نے مسقط کے سیکرٹری داخلہ خالد بن ہلال بن سعود کے ساتھ ملاقات میں کیا ، اس موقع پر دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔