بھارتی فورسز کا مقبوضہ کشمیر میں کریک ڈاؤن مزیدتیز

بھارتی فورسز کا مقبوضہ کشمیر میں کریک ڈاؤن مزیدتیز

سرینگر (اے پی پی)بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں کریک ڈاؤن مزیدتیز کر دیا ،جس سے کشمیریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ۔

 سرینگر، راجوری، پونچھ، سانبہ اور اودھمپور اضلاع میں آئے روز چھاپوں، جبری گرفتاریوں اور سخت نگرانی کی وجہ سے خوف ودہشت کا ماحول قائم ہے ۔ راجوری میں محمد قاسم کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے   تحت گرفتار کیا گیا۔ محبوب اختر اور وشال شرما کے خلاف سانبہ اور اودھمپور اضلاع میں کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے ۔ادھر بھارتی قابض انتظامیہ مقامی آبادی کی نقل و حرکت پر کڑی نظررکھنے کے لئے پورے مقبوضہ علاقے خصوصاً وادی کشمیرمیں سیاحتی اور عوامی مقامات پر بڑے پیمانے پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر رہی ہے ۔اس اقدام کا مقصد کشمیریوں کی ہر نقل و حرکت پر نظر رکھنا ہے ، جن مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جا رہے ہیں ان میں وادی کے مشہور سیاحتی مقام مغل گارڈن، گلمرگ، پہلگام اور سونمرگ بھی شامل ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی پولیس سرینگر کی دیواروں پرپاکستان، پاک فوج اور تحریک آزادی کی حمایت میں درج نعروں اور پوسٹرز کو ہٹا نے میں مصروف ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے نوجوانوں کی مسلسل گرفتاریوں اور انہیں ہراساں کیے جانے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ میرواعظ نے بیان میں خبردار کیا کہ اس طرح کے جابرانہ اقدامات سے کشمیریوں کے زخم مزید گہرے ہوں گے اور بھارت کے خلاف غم وغصے اور عدم اعتماد میں اضافہ ہو گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں