نیتن یاہو فرانس، برطانیہ ، کینیڈا پر برہم،حماس کی حمایت کا الزام

نیتن یاہو فرانس، برطانیہ ، کینیڈا پر برہم،حماس کی حمایت کا الزام

یروشلم(اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہونے کہا ہے کہ ان کے برطانوی ہم منصب سر کیئر سٹارمر اور دیگر رہنماؤں نے باضابطہ طور پر کہہ دیا ہے کہ۔۔۔

وہ چاہتے ہیں کہ حماس اقتدار میں رہے ۔انھوں نے برطانوی، فرانسیسی اور کینیڈین لیڈرز پر حماس کی طرفداری کا الزام بھی عائد کیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ سر کیئر، ایمانویل اور مارک کارنی یہ چاہتے ہیں کہ اسرائیل رک جائے اور یہ مان لے کہ حماس کی متعدد قتل کرنے والی فوج قائم رہے گی۔یاد رہے پیر کو برطانیہ، فرانس اور کینیڈا نے وسیع تر اسرائیلی فوجی آپریشن اور غزہ میں عام لوگوں کو انسانی امداد کے تعطل کی مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ اگر اسرائیل نہ رکا تو اس کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ حماس اسرائیل کو تباہ کرنا چاہتا ہے اور یہودیوں کا خاتمہ چاہتا ہے ۔انھوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم یہ عام سی بات فرانس، برطانیہ، کینیڈا اور دیگر ممالک کے رہنماؤں کو کیوں سمجھ نہیں آتی۔دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی بربریت جاری ہے ، مزید 16افراد شہید اور کئی زخمی ہو گئے ،اسرائیل کا کہنا تھا 75 اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔یمن کے دارالحکومت صنعا کے شمال مشرق میں واقع بنی حشیش کی علاقے جمعرات کے روز حوثیوں کے ایک اسلحہ گودام میں زوردار دھماکا ہوا۔اس دوران گولہ بارود اردگرد کے علاقوں میں بکھر گیا، جس سے قریبی عمارتوں، دکانوں اور رہائشی گھروں کو شدید نقصان پہنچا۔ دھماکے میں 19 افراد ہلاک اور تقریباً 40 زخمی ہو گئے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں