امریکا اور اسرائیل دہشتگردوں کی مددکررہے :ایران

امریکا اور اسرائیل دہشتگردوں کی مددکررہے :ایران

اسرائیلی خفیہ ایجنسی سے جڑے فسادیوں کو بڑی تعداد میں گرفتار کیا :ایرانی حکام ایرانی ریال کی قدر میں مزید کمی، امریکی ڈالر کے مقابلے میں 15 لاکھ تک گر گیا امریکا نے ایران سے نئی ڈیل کے لیے 4 شرائط عائد کر دیں ، امریکی میڈیاکا دعویٰ

تہران،پیرس(اے ایف پی ،دنیا مانیٹرنگ) ایران نے عالمی اداروں کو آگاہ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل ایران میں دہشتگردو ں کی مددکررہے ہیں۔ روسی میڈیا کے مطابق تہران نے موقف اپنایا ہے کہ غیرملکی پشت پناہی والے فسادات میں قومی سلامتی اور پبلک انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ایران کی انسداد دہشتگردی فورس نے کئی مقامات پر چھاپے بھی مارے ہیں۔ایرانی حکام نے دعویٰ کیاکہ انہوں نے اسرائیل کی خفیہ ایجنسی سے جڑے فسادیوں  کو بڑی تعداد میں گرفتار کرلیا ہے ۔دشمن کے درجنوں کرائے کے قاتل گرفتارکرلیے گئے ہیں۔ایران میں معاشی بحران کے دوران ایرانی ریال کی قدر میں تاریخی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔اوپن مارکیٹ میں ایرانی ریال ایک امریکی ڈالر کے مقابلے میں 15 لاکھ تک گر گیا ہے جو اب تک کی کم ترین سطح ہے۔

امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران سے نئی ڈیل کے لیے چار شرائط عائد کرنا چاہتی ہے ۔ان شرائط میں افزودہ یورینیم کی ایران سے مکمل منتقلی، مقامی سطح پر یورینیم کی افزودگی روکنا، طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی حد بندی اور علاقائی پراکسیز سے تعاون بند کرنا شامل ہے ۔امریکی میڈیا نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران کا نیول بلاکیڈ کرنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ ایران تیل برآمد نہ کرسکے ۔یورپی یونین نے ایران میں حالیہ مہلک احتجاجی کریک ڈاؤن پر پاسدارانِ انقلاب کے اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ سفارتی ذرائع کے مطابق 21 افراد اور اداروں کے اثاثے منجمد اور ویزا پابندیاں لگائی جائیں گی۔

اس کے علاوہ روس کو ڈرون اور میزائل فراہم کرنے پر مزید 10 ایرانی شخصیات کو بھی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا جائے گا۔عراق میں ایرانی حمایتی تنظیم کتائب حزب اللہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو خطے میں مکمل جنگ چھڑ جائے گی۔ تنظیم کے سربراہ ابو حسین الحمیداوی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کے خلاف جنگ دشمنوں کے لیے پارک میں چہل قدمی کرنے جتنی آسان ثابت نہیں ہوگی۔ اگر تنازع شروع کیا گیا تو محورِ مزاحمت میں شامل تمام گروہ ایران کی بھرپور مدد کریں گے ۔ ان کے مطابق دشمنوں کو خطے میں بدترین انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں