اسرائیلی ہٹ دھرمی ،فلسطین میں 34نئی یہودی بستیوں کی منظوری
دیر عمار(اے ایف پی)اسرائیل نے ہٹ دھرمی کامظاہرہ کرتے ہوئے مقبوضہ مغربی کنارے میں 34 نئی بستیاں قائم کرنے کی منظوری دے دی ، جس پر فلسطینیوں میں تشویش پائی جا رہی ہے کہ ان کی زمین جلد ضبط کی جا سکتی ہے۔۔۔
اینٹی سیٹلمنٹ تنظیم پیس ناؤ کے مطابق سکیورٹی کابینہ نے یکم اپریل کو خفیہ طور پر 34 نئی بستیوں کے قیام کا فیصلہ کیا۔یہ 34 بستیاں ان 68 بستیوں کے علاوہ ہیں جن کی منظوری 2022 میں وزیر اعظم نیتن یاہوکی دائیں بازو کی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد دی جا چکی ہے ۔اس فیصلے کو کسی سرکاری ادارے نے باضابطہ طور پر جاری نہیں کیا جبکہ وزارتِ دفاع نے اس بارے میں سوالات کا جواب دینے سے انکار کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 34 میں سے 10 بستیاں پہلے سے موجود غیر قانونی چوکیوں پر مشتمل ہیں، جنہیں اب اس فیصلے کے تحت قانونی حیثیت دی جائے گی جبکہ باقی 24 نئی تعمیر کی جائیں گی۔بین الاقوامی قانون کے تحت تمام اسرائیلی بستیاں غیر قانونی تصور کی جاتی ہیں۔