مغربی کنارے اور وسطی غزہ میں بلدیاتی انتخابات

مغربی کنارے اور وسطی  غزہ میں بلدیاتی انتخابات

رام اللہ،غزہ(اے ایف پی)مغربی کنارے اور وسطی غزہ میں فلسطینیوں نے ہفتے کو بلدیاتی انتخابات میں ووٹ ڈالے، جو غزہ میں جنگ کے آغاز کے بعد پہلا انتخابی عمل تھا تاہم کم ووٹنگ اور محدود سیاسی مقابلہ دیکھنے میں آیا۔

رام اللہ میں قائم مرکزی الیکشن کمیشن کے مطابق مغربی کنارے میں تقریباً 15 لاکھ افراد ووٹ کیلئے رجسٹرڈ ہیں، جبکہ غزہ کے علاقے دیر البلح میں 70 ہزار افراد رجسٹرڈ ہیں۔صبح دیر گئے تک ووٹنگ کی شرح انتہائی کم رہی اور 15 فیصد تک محدود رہی، جو دوپہر 1 بجے تک بڑھ کر 24اعشاریہ53 فیصد تک پہنچ گئی، ایک صحافی نے مغربی کنارے کے کئی علاقوں میں خالی پولنگ سٹیشنز رپورٹ کیے ، غیر ملکی سفارت کار وں نے انتخابی عمل کی نگرانی کی ۔فلسطینی صدر محمود عباس نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہم اندرونی اور بین الاقوامی چیلنجز کے باوجود جمہوری عمل پر بہت خوش ہیں۔کچھ لوگوں نے انتخابات کے وقت پر سوال اٹھایا۔ تاجر زیاد حسن نے کہا ہم اس وقت انتخابات نہیں چاہتے تھے -نہ غزہ میں جنگ کے دوران اور نہ ہی مغربی کنارے میں آبادکاروں کے حملوں کے جاری رہنے کے وقت۔رامون گاؤں کے سابق میئر عابد جبائی نے کہاسب سے اہم چیز آبادکاروں سے تحفظ ہے ۔ اسی لیے ہمیں نئے چہرے ، ایسے نوجوان چاہیے جو ہمارے حقوق کے لیے لڑ سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں