امریکی کمیشن کی آر ایس ایس پر پابندی کی سفارش
اثاثے منجمد ،تنظیم سے وابستہ افراد کے امریکا میں داخلے پر پابندی لگائی جائے تنظیم نے اقلیتوں کیخلاف تشدد، نفرت ، عدم برداشت کو فروغ دیا:رپورٹ
نئی دہلی (این این آئی)بھارتی ہندو قوم پرست تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) عالمی سطح پر شدید تنقید اور دباؤ کا سامنا کر رہی ہے ۔ امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی نے آر ایس ایس پر پابندی، اثاثے منجمد کرنے اور تنظیم سے وابستہ افراد کے امریکا میں داخلے پر پابندی کی سفارش کی ہے ۔ رپورٹ میں تنظیم کو اقلیتوں کے خلاف تشدد اور نفرت پھیلانے کے الزامات سے جوڑا گیا ہے ۔ رپورٹ میں رام مندر کی تعمیر اور کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کو آر ایس ایس ایجنڈے کی بڑی کامیابیاں قرار دیا گیا ہے ۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ عالمی دباؤ بڑھنے کے بعد آر ایس ایس نے امریکا، برطانیہ اور جرمنی میں لابنگ مہم تیز کر دی ہے ، تنظیم کے جنرل سیکرٹری دتاتریہ ہوسابالے نے یورپ اور ایشیا میں مزید سفارتی رابطوں کا اعلان بھی کیا ۔سیاسی مبصرین کے مطابق نریندر مودی کی آر ایس ایس سے وابستگی کے باعث بھارتی حکومت کو مذہبی شدت پسندی کے الزامات کا سامنا ہے جبکہ اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز کارروائیاں یورپ اور بھارت کے تعلقات میں بھی رکاوٹ بن رہی ہیں۔تنظیم عالمی سطح پر اپنا تشخص بہتر بنانے کے لیے لابنگ فرموں کی خدمات حاصل کر رہی ہے ۔