دوبارہ اسرائیل کا وزیراعظم بنا تو قطر کو دشمن ملک قرار دوں گا:نفتالی بینیٹ
تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیل کے سابق وزیراعظم نفتالی بینیٹ کا کہنا ہے کہ اگر وہ دوبارہ وزیراعظم بنے تو قطر کو دشمن ملک قرار دیں گے ۔۔۔
بینیٹ نے ایکس پر جاری ایک ویڈیو میں کہا کہ قطر کی حکومت پرتشدد اور یہود مخالف سرطان ہے ، جس نے اپنی شاخیں پورے مغرب اور یہاں تک کہ اسرائیل کے وزیرِاعظم کے دفتر تک پھیلا رکھی ہیں۔انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اپنے دورِ وزارتِ عظمیٰ میں انھوں نے ایسی معلومات دیکھی تھیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ قطر پاسدارانِ انقلاب کو مالی مدد فراہم کر رہا تھا۔انہوں نے قطر پر الزام عائد کیا کہ وہ اسرائیل کی تباہی کا خواہاں ہے ۔بینیٹ نے کہا کہ قطر نے ایک طاقتور عالمی نیٹ ورکِ کے اثر و رسوخ پر اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے جو اسرائیل کو بہت نقصان پہنچاتا ہے ۔ قطر نے امریکی یونیورسٹیوں میں اور الجزیرہ ٹیلی وژن نیٹ ورک کے ذریعے اشتعال انگیزی کے مراکز قائم کیے ہیں اور حماس کو بھی اربوں ڈالر کی مدد فراہم کی ہے ۔قطر نے ابھی تک اسرائیلی سیاست دان کے ان بیانات پر ردِعمل ظاہر نہیں کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments