عزیزی مفلوج معاشرے کی فزیوتھراپی کررہاہے ،بابائے فارمیسی

اداکار سہیل احمد عزیزی نے ہسپتال میں زیر علاج ڈاکٹر نعیم انور مظفر کی عیادت کی عزیزی سے مل کر والد صاحب بول اٹھے اور انکی حالت پہلے سے بہتر ہوگئی، اہلخانہ
لاہور( انٹر ٹینمنٹ ڈیسک )بابائے فارمیسی کی عرفیت سے جانے والے ڈاکٹر نعیم انور مظفر جنہیں دل کے عارضے کے باعث مقامی ہسپتال داخل کرایاگیاہے ۔بیماری اور نقاہت کے باعث انہو ں نے کئی دنوں سے چُپ سادھ لی تھی لیکن جب اداکار سہیل احمد المعروف عزیزی ان کی تیمار داری کیلئے ہسپتال پہنچے تو بابائے فارمیسی نہ صرف بول اٹھے بلکہ مسکراتے بھی رہے ۔اہلخانہ نے بتایاکہ پروفیسر صاحب کودنیانیوز کا پروگرام ‘‘حسب حال ’’ بہت پسند ہے جسے وہ گزشتہ پانچ سال سے باقاعدگی سے دیکھتے ہیں ۔ ان کاکہناہے کہ سہیل احمد عزیزی ان کے پسندیدہ فنکار ہیں اور عزیزی کاکردار ہمارے بیمار اورمفلوج معاشرے کی فزیوتھراپی کرتاہے یہ بیماری کی تشخیص بھی کرتاہے اور اس کا علاج بھی تجویز کرتاہے ۔ اہلخانہ نے بتایاکہ جب ہمارے والد نے چپ سادھ لی تو ہم سب پریشان ہوگئے پھر دل میں خیال آیاکہ اگر سہیل احمد ان کی تیمار داری کیلئے ہسپتال آئیں تو ان کی حالت بہتر ہوسکتی ہے ۔یہی ہواکہ عزیزی نے جب ہمارے والد سے ملاقات کی تو وہ بول اٹھے بلکہ ان کی حالت پہلے سے بہتر ہوگئی ۔اہلخانہ نے سہیل احمد کو دعائیں دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر سہیل احمد کا کہناتھاکہ خداتعالیٰ پروفیسر صاحب سمیت سب مریضوں کو شفا عطا فرمائے اور ہمیں اپنے بزرگوں کی دلجوئی کرنے کی توفیق بخشے ۔ یاد رہے کہ پروفیسر نعیم کی عمر اس وقت لگ بھگ 80برس ہے ،وہ چالیس سال تک پنجاب یونیورسٹی سے وابستہ رہے اور فارمیسی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے ۔