پرویز خٹک نے وزیراعلیٰ ہاؤس خالی کردیا ، سامان ذاتی گھر منتقل
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے وزیراعلیٰ ہاؤس خالی کردیا اور اپنا رہائشی سامان ذاتی گھر واقع حیات آباد منتقل کردیا ہے
پشاور( آئی این پی) جبکہ پرویزخٹک نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے تمام سٹاف کو الوداعی پارٹی (افطار ڈنر ) دینے کا اعلان کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پرویز خٹک نے ایک ہی رات میں 120سمریز کی فائلیں نمٹادیں۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا 31مئی کو باضابطہ طور پر سی ایم ہاؤس کو خیرآباد کہہ دیں گے ۔ عمران خان کے وزیراعلیٰ ہاؤس اور گورنر ہاؤس کو یونیورسٹیوں میں تبدیل کرنے کے دعوے دھر ے کے دھرے رہ گئے ۔ علاوہ ازیں شمولیتی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ تحریک انصاف دوبارہ حکومت بنا کر خیبرپختونخوا کی روایت بدل دے گی کیونکہ اس وقت تحریک انصاف مقبول ترین جماعت اور غریب طبقے کی آواز بن چکی ہے ۔ تحریک انصاف نے ادھورے وعدوں اور کھوکھلے نعروں کی سیاست کا باب بند کر دیا ہے ۔