جھنگ :ن لیگ کا کوئی امیدوار نہیں ، عوام شیر پر مہر نہیں لگا سکیں گے
شیخ وقاص اکرم سمیت دیگر سابق اراکین اسمبلی آزاد حیثیت سے الیکشن لڑرہے ہیں
جھنگ (نامہ نگار)جھنگ کے ووٹر ز 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں شیر کے نشان پر مہر نہیں لگا سکیں گے ۔25جولائی کو ہونے والے تمام انتخابات میں جہاں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے وہاں سیاسی پارٹیاں ملک بھر میں اپنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنے کے لیے سرگرم ہیں لیکن دلچسپ بات یہ ہے جھنگ سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ کے حصول کے لیے کسی بھی امیدوار نے درخواست نہ دی ہے اس طرح اب جھنگ میں مسلم لیگ نون کا کوئی بھی امیدار نہیں ہو گااور جھنگ کے شہری شیر کے نشان پر مہر نہیں لگا سکیں گے ۔جھنگ میں قومی اسمبلی کی تین اور صوبائی اسمبلی کی سات نشستیں ہیں دلچسپ بات یہ ہے کہ نون لیگ کے ضلعی صدر اور سابق ایم پی اے خالد غنی سابق وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم سمیت دیگر سابق اراکین اسمبلی اپنی جماعت کے ٹکٹ کی بجائے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑرہے ہیں ۔