سب کچھ جہانگیر ترین نے کرنا ہے تو ہم آلو چنے بیچنے آئے ؟گورنرسرور
کسی نے مجھے ہٹانے کا سوچا تو استعفیٰ دیدوں گا، عثمان بزدار سے کوئی جھگڑا نہیں
لاہور،گوجرانوالہ(نمائندہ دنیا، این این آئی) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے اگر سب کچھ جہانگیر ترین نے کرنا ہے تو کیا ہم آلو چنے بیچنے آئے ہیں؟ اگر کسی نے مجھے ہٹانے کا سوچا تو استعفیٰ دے دوں گا ،میرا عثمان بزدار سے کوئی جھگڑا ہے اور نہ ہی مجھے انکی تبدیلی کے حوالے سے کوئی علم ہے ۔ ٹی وی انٹر ویو کے دوران گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا کہ چودھری نثار کو اب اسمبلی میں آجانا چاہیے ۔انہوں نے کہا ٹیم میں اختلافات ہیں لیکن عمران خان پر سب متحد ہیں، وزیر اعظم مجھ سے ناراض نہیں ہیں ، عمران خان کے پاس جادو کی چھڑی نہیں کہ فورا ًمسائل ختم کردیں، حکومت کہیں نہیں جارہی، پانچ سال پورے کریں گے ۔دریں اثنا گوجرانوالہ کے علاقہ لدھیوالہ وڑائچ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چودھری سرور نے کہا عمران خان کی بہتر پالیسیوں کی بدولت پاکستان کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے ،حکومت کی آٹھ ماہ کی کا رکردگی پر پراپیگنڈ ا کرنیوالے بتائیں انہوں نے عوام کو کیا دیا ، تعلیم صحت سمیت عوام آج بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ،دو کروڑ بیس لاکھ بچے سکول نہیں جا تے مزدوری کرتے ہیں ان کو سکولوں میں لیکر جا ئیں گے ۔