سستی روٹی سکیم پر 13ارب 37کروڑ کی سبسڈی دی گئی
ذخیرہ گندم پر 11کروڑیومیہ خرچہ ، آئسکریم کے 90فیصد نمونے فیل 2016-17میں 129ارب 6.30فیصد سود پر قرضہ لیا، رپورٹ محکمہ خوراک
لاہور(محمد حسن رضا سے )سستی روٹی سکیم پر 13 ارب 37 کروڑ کی سبسڈی دی گئی،ذخیرہ گندم پر 11 کروڑیومیہ خرچہ ،لاہور میں آئسکریم کے 90 فیصد نمونے فیل ہوئے ،محکمہ خوراک نے پنجاب اسمبلی میں رپورٹ جمع کرادی۔تفصیل کے مطابق محکمہ خوراک نے رپورٹ میں انکشاف کیا ہے گزشتہ حکومت نے سستی روٹی سکیم پر 13ارب 37کروڑ روپے سے ز ائد سبسڈی دی اور5لاکھ 4ہزار 325میٹرک ٹن گندم جاری کی ، اس حوالے سے صوبائی وزیر انڈسٹری کا کہنا ہے کہ اربوں روپے جھونکنے کے بعد بھی عوام کو سستی روٹی میسرنہ آسکی اور اس میں بھی اپنوں کو نوازا گیا، گزشتہ برسوں میں خزانے کا غلط استعمال کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق لاہور میں آئس کریم تیار کرنے والے مختلف برانڈز کو چیک کیا گیا جن کے 90فیصد نمونہ جات فیل قرارپائے ۔لیبارٹری رپورٹ کے مطابق 70میں سے صرف 8 نمونے پاس ہوئے ،اس بناپر 3برانڈز کو سیل اور 2کوممنوعہ قرار دیدیا گیا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 10اپریل 2019تک صوبہ بھر کے گوداموں میں 16لاکھ 99ہزار 334میٹرک ٹن گندم موجود ہے ، جبکہ محکمہ خوراک کے پاس 193پختہ گودام خریداری مرکز موجود ہیں، 189عارضی خریداری مراکز کھلے آسمان تلے بنائے گئے ہیں، جبکہ گزشتہ برس 2018-19میں حکومت پنجاب نے کل 5لاکھ 94ہزار 495کاشتکاروں کو باردارنہ جاری کیا اور گندم خریدی ۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس وقت محکمہ خوراک کے پاس 16لاکھ 99ہزار 334میٹرک ٹن گندم موجود ہے ، جس میں سے 10لاکھ 39ہزار715میٹرک ٹن گندم گوداموں میں ذخیرہ شدہ ہے جبکہ 6لاکھ 59ہزار 619میٹرک ٹن گندم کھلے آسمان تلے گنجیوں کی شکل میں ذخیرہ ہے ، ذخیرہ شدہ گندم پر 11کروڑ 14لاکھ 31ہزار روپے روزانہ کی بنیاد پر خرچ ہو رہے ہیں۔محکمہ خوراک کی جانب سے 2016-17میں تقریباً 129ارب روپے 6عشاریہ 30فیصد سالانہ سود کے حساب سے قرض حاصل کیا ، جبکہ 2017-18میں تقریباً 119ارب روپے 6عشاریہ 66فیصد کے حساب سے قرض حاصل کئے تھے ۔ محکمہ سود کے علاوہ بینکوں کو3.8فیصد کے حساب سے کمیشن ادا کررہا ہے ۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا سابق وزیراعلیٰ شہبازشریف کے صاحبزادے سلمان شہباز نے 2016-17کے دوران 9لاکھ 82ہزار 304میٹرک ٹن جبکہ 2017-18کے دوران 9لاکھ 44ہزار 089میٹرک ٹن گنا خریدا ، رمضان شوگر ملز کی جانب سے 2016-17کے دوران 7کروڑ 36لاکھ 72ہزار 813روپے ،2017-18میں 7کروڑ 8لاکھ 6ہزار 659روپے شوگر سیس فنڈز کی مد میں سرکاری خزانے میں جمع کرائے گئے ۔ محکمہ خوراک