چیئرمین ایف بی آر شبرزیدی کی تقرری ,تنخواہ نہیں لیں گے.

چیئرمین ایف بی آر شبرزیدی کی تقرری ,تنخواہ نہیں لیں گے.

وزیر اعظم سے شبر زیدی کی ملاقات ،ایف بی آر کے امور پر تبادلہ خیال ،ایف بی آر کے سینئرافسرمشیر ارباب شہزاد سے ملے

لاہور(دنیا نیوز)چیئرمین ایف بی آر شبرزیدی کی تقرری اعزازی ہو گی ،وہ تنخواہ نہیں لیں گے ، نوٹیفکیشن آج یا کل جاری کر دیا جائے گا ، میزبان ’’دنیا کامران خان کے ساتھ‘‘ پروگرام کے مطابق عمران خان حکومت کے معیشت اور کاروبار کی بحالی کے حوالے سے شاید کم ہی ایسے فیصلے ہوں گے جن کو کاروباری و تجارتی حلقوں اور سٹیک ہولڈرز کی جانب سے اس انداز میں پذیرائی ملی ، جتنی شبر زیدی کو چیئرمین ایف بی آر بنانے کے فیصلے کو حاصل ہوئی ،ان تمام حلقوں نے اس فیصلے کو بھرپور سراہا ،دانشور حلقوں ،معاشی ماہرین اور میڈیا میں اس کی بڑی پذیرائی ہوئی لیکن جیسے ہی یہ فیصلہ سامنے آیا ، بیوروکریسی اس کے سامنے دیوار بن کر کھڑی نظر آئی ،کم از کم بیوروکریسی کا ایک شعبہ جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ وہی سیکشن ہے جو پاکستان کی کاروباری برادری کو درپیش مسائل کا باعث ہے ،جس کی وجہ سے ایف بی آر کرپٹ ترین ادارہ سمجھا جاتا ہے ،لگتا ہے ایف بی آر کے اس چھوٹے حلقے نے اس فیصلے کی راہ میں دیوار بن کر کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا لیکن ان کی کوشش ناکام ہو گئی ، وزیر اعظم اور ان کی کابینہ پوری طرح تیار ہے ،وہ کرپٹ بیوروکریسی کے دباؤمیں نہیں آئے گی،وہ شبر زیدی کی تقرری کا دفاع کر رہے ہیں ،وزیر اعظم عمران خان کا اصرار رہا ہے کہ وہ ایف بی آر کی اصلاح کریں گے اور اسے بزنس فرینڈلی بنائیں گے ، اگر ایف بی آر بقول ان کے بزنس مین اور ٹیکس دہندگان کی توقعات پر پورا نہیں اترا تو وہ ایک نئے ایف بی آر کو جنم دیں گے ،اس بات کا عہد وہ اقتدار میں آنے سے پہلے اور اس کے بعد بھی کرتے رہے ہیں ،واضح طور پر لگتا ہے کہ وزیر اعظم ایف بی آر کو ایک نیا جنم دے رہے ہیں، اسی لئے انہوں نے شبر زیدی کا انتخاب کیا ، وزیر اعظم اور ان کی حکومت ایف بی آر کے سلسلے میں اپنا صبر کھو رہی تھی اور سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے بھی ایک ٹی وی پروگرام میں اس کا برملا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سنجیدگی سے سوچ رہے ہیں کہ ہمیں ایف بی آر میں کرپٹ عناصر کے خلاف انٹیلی جنس ایجنسیوں کو استعمال کرنا چاہیے ،جب تک کریک ڈاؤن کر کے ان کو سزا نہیں دیں گے ، یہ نظام ٹھیک نہیں ہوگا۔وفاقی وزیرقانون فروغ نسیم نے کہا شبر زیدی کی تقرری پر وفاقی حکومت میں کوئی اختلاف نہیں ، انہیں وزیراعظم اورکابینہ کی سلیکشن کمیٹی نے نامزدکیا،شبرزیدی راضی نہیں تھے ،ہم نے انہیں منایا، وہ اپنی فرم سے الگ ہوکراپنانقصان اورملک کافائدہ کریں گے ، ان کی تقرری کے مخالفین میرٹ کے خلاف ہیں،شبرزیدی کی تقرری کے پیچھے حکومت ہی نہیں، پوراپاکستان کھڑاہے ،کوئی ذی ہوش پاکستانی اس کی مخالفت نہیں کرے گا، ان کی تقرری کئی ناموں پرغورکے بعدکی گئی،ان کا حکومت اور ہم پر احسان ہے کہ وہ ہر چیز چھوڑ کر آرہے ہیں ،شبرزیدی کی تقرری میں قواعدوضوابط کاپوراخیال رکھاگیا ،علی ارشدحکیم کامعاملہ شبرزیدی سے مختلف تھا،مخصوص حالات میں قواعدمعطل کرکے تقرری کاقانون موجودہے ،علی ارشدحکیم کی تقرری اعزازی بنیادوں پرنہیں تھی، حکومت کسی بھی موزوں شخص کو چیئرمین بنا سکتی ہے ، شبر زیدی ایف بی آر کو جانتے ہیں اور ٹیکس نیٹ بڑھانا جانتے ہیں،میرے خیال میں شبرزیدی کی تقرری میں قانونی رکاوٹ نہیں،عدالتی فیصلوں کا جائزہ لیا ہے ،یہ کیس ہر میرٹ پر پورا اترتا ہے ، دیانتدار اور بہترین فرد کو ایف بی آر کا چیئرمین بنایا جا رہا ہے ،وزیر اعظم کو جب بتایا گیا کہ اس حوالے سے بیوروکریسی میں کچھ مخالفت نظر آئی ہے تو عمران خان نے کہااس کا مطلب ہے کہ شبر زیدی بالکل صحیح آدمی ہیں ،پاکستان میں میرٹ ہوگا تو ملک ترقی کرے گا،اگر میرٹ نہیں ہوگا تو پھر پاکستان ویسے ہی ہوگا جیسے پہلے تھا ،اس میں مفادات کے ٹکراؤ والی کوئی بات نہیں ،عدلیہ کے چار فیصلے موجود ہیں کہ مفادات کا ٹکراؤ تب ہوتا ہے جب کسی کا کوئی مفاد ہوگا،شبر زیدی تو اپنا نقصان کر کے آرہے ہیں،حکومت پر عزم ہے کہ شبر زیدی ضرور آئیں گے ، دوسری جانب ایف بی آر کے سینئرافسر وزیر اعظم کے مشیر ارباب شہزاد سے ملے اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جبکہ وزیر اعظم عمران خان سے نامزد چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے ملاقات کی جس میں ایف بی آر کے امور پر گفتگوکی گئی ،وزیر اعظم نے شبر زیدی کو نئی ذمہ داری ، ایف بی آرمیں اصلاحات سے متعلق اپنے وژن اور حکومتی پالیسی سے آگاہ کیا،ملاقات میں مشیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ بھی موجود تھے ۔ شبر زیدی تقرری

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں