احتساب کا عمل پیچھے رہ گیا ،نئی صورتحال سامنے آگئی ، تھنک ٹینک

احتساب کا عمل پیچھے رہ گیا ،نئی صورتحال سامنے آگئی ، تھنک ٹینک

معاونین نے ایک ایسی صورتحال اختیار کرلی باقی سب غیر متعلقہ ہوگئے ، ایاز امیر حکومت کی معاملات پر پوری طرح گرفت نہیں ،بے چینی کی صورتحال ، سلمان غنی بجٹ آناہے لیکن جو کام ہوناہے وہ ہوچکا ، قیمتوں میں اضافہ ہوگیا، حسن عسکری حکومت اچھے انداز میں چل رہی ، وزیرستان پر پریشانی والی کوئی بات نہیں ،خاور گھمن

لاہور (دنیا نیوز)تجزیہ کار ایاز امیر نے کہاہے کہ اس وقت عمران خان اور ان کے معاونین نے ایک ایسی صورتحال اختیار کرلی ہے کہ باقی سب غیر متعلقہ ہوگئے ہیں۔پروگرامتھنک ٹینکمیں میزبان عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت ایشو تین ہیں ، پہلا ایشو شمالی (صفحہ4بقیہ نمبر 5) وزیرستان اور بلوچستان ہے ، دوسرا ایشو سپریم کورٹ کے سامنے ہے اور تیسرا ایشو معاشی بدحالی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کی حیثیت ثانوی ہے ، نواز شریف نے بھی اس لئے مریم نواز سے کہہ دیاہے کہ معاملات چلائیں ، اس کی وجہ وکلا کی تحریک ہے ،احتساب کا عمل اب پیچھے رہ گیا ہے ، نئی صورتحال آگے آگئی ہے ، اپوزیشن اس بارے میں جو چیزیں کہہ رہی ہے کہ رکن پارلیمنٹ کو اسمبلی میں بلایاجائے تو یہ اپوزیشن کا سٹینڈ مثبت ہے ۔تجزیہ کار،دنیا نیوز کے گروپ ایڈیٹر سلمان غنی نے کہاہے کہ حکومت پہلے دن سے ہی بڑے بحران سے دوچار ہے اور یہ بحران ختم ہونے کی بجائے بڑھتا جارہاہے ،حکومت کی مختلف معاملات پر پوری طرح گرفت نہیں ۔ملک میں بے چینی کی صورتحال ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ لوگ متاثر ہوئے ہیں ، لوگوں کو نئی حکومت سے بہت سی توقعات تھیں ۔ مسائل کاسیاسی حل نکالنا چاہئے ، وزیر اعظم نے بھی یہ بات کی تھی کہ قبائلی عوام کے مطالبات اصلی ہیں،ہر مسئلہ حل کرنا فوج کا کام نہیں ہوتا بلکہ حکومت کا کام ہوتاہے کہ مسائل حل کرے ۔ اب بجٹ پیش ہونے جارہاہے اور اس سے درجہ حرارت بڑھے گا ، ملکی سلامتی کے ایشوز پر سیاست نہیں ہونی چاہئے ۔معروف تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہاہے کہ حکومت کا جہاں تک مسئلہ ہے تو اس نے اتنے ایشوز اکٹھے ہونے کیوں دیئے ؟ اب جب بجٹ آرہا ہو تو اتنے مسئلے نہیں اکٹھے کئے جاتے ، نیب کا معاملہ بھی حکومت کے کھاتے میں پڑ رہاہے حالانکہ نیب ایک خود مختار ادارہ ہے ۔کوئی بھی تحریک عوامی سپورٹ کے بغیر نہیں چل سکتی ، جہاں تک عوامی سپورٹ کا تعلق ہے تو اس میں بڑا مسئلہ اقتصادی ہے ، اب بجٹ آناہے لیکن جو کام ہوناہے وہ ہوچکاہے ، بجلی ، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوچکاہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت غیر یقینی صورتحا ل موجود ہے ، اپوزیشن یہ سمجھتی ہے کہ وہ تحریک برپا کرسکتی ہے لیکن اب اپوزیشن کامیاب ہوتی ہے یا نہیں ، یہ اوربات ہے ۔اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیورو چیف خاور گھمن نے کہا ہے کہ ماحول گھمبیر ہونے کی کوئی بات نہیں ہے ،عدالتیں ،حکومت اچھے انداز میں چل رہی ہیں، وزیرستان کے معاملے پر پریشانی والی کوئی بات نہیں ۔اب اسلام آباد میں پنجاب بار کا جو اجلاس ہوا ہے تو اس میں کہا گیاہے کہ ہم تو سپریم جوڈیشل کونسل کے ساتھ ہیں۔ تھنک ٹینک

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں