دوسرا پارلیمانی سال، بزدار ایک مرتبہ بھی ایوان میں نہ آئے
اسمبلی اجلاس میں عدم دلچسپی،آخری مرتبہ 28جون 2019 کو شریک ہوئے وزیراعلیٰ ایوان میں آنا چاہتے ہیں پہلے اپوزیشن جمہوی رویہ اپنائے :مومنہ وحید
لاہور(اخلاق باجوہ سے )وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسمبلی حاضری میں شہباز شریف کو بھی مات دے دی اور اجلاس میں نہ آنے کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ،وزیراعلیٰ دوسرے پارلیمانی سال کے 6اجلاسوں میں ایک مرتبہ بھی نہیں آئے ،وہ اسمبلی میں آخری مرتبہ28جون2019ء کو دیکھے گئے ۔ پنجاب میں تاریخ کی بد ترین مہنگائی ،آٹے کے سخت بحران اور کشمیر کی کشیدہ ترین صورت حال جیسے برننگ ایشوز کے باوجود وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے اسمبلی اجلاس میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیاگیا،انہوں نے ایوان میں مہنگائی کی وجوہات بیان کیں نہ ہی آٹے کے بحران پر وضاحت پیش کی ، ایوان میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا نہ اپنی کارکردگی پر اراکین کو اعتماد میں لیا،پنجاب اسمبلی کے دوسرے پارلیمانی سال میں اب تک ہونے والے 6اجلاسوں میں 3حکومت اور 3اپوزیشن کی ریکوزیشن پر بلائے گئے ہیں،تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے اس معاملے پر کہا وزیر اعلیٰ ایوان میں آنا چاہتے ہیں لیکن پہلے اپوزیشن کو اپنا رویہ جمہوری کرنا پڑے گا،وزیراعلیٰ عوامی مسائل کے حل کیلئے روزانہ 18گھنٹے کام کرتے ہیں،اپوزیشن نان ایشوز کی سیاست کر رہی ہے ۔