تعمیرات پر مراعاتی پیکیج دستاویزی معیشت کا سائز دگنا کردیگا
اچھی پچ تیار کی گئی ،بلڈرز زیادہ محنت سے کام کریں،عارف حبیب ، لوگ بلا خوف پیسہ لگائینگے ،بزنس پیدا،نوکریاں ملیں گی ، مدثر خالد ہر جگہ کام شروع ہوچکا ،گوہر اعجاز ، پیکیج تمام پاکستانیوں کیلئے ،حکومت کو اگلے سال 100فیصد ٹیکس ملے گا،حسن بخشی آنیوالے دن معیشت کیلئے بہترین ،زراعت بہتر ،بڑا فائدہ 90 فیصد ٹیکس چھوٹ ،عقیل ڈھیڈی ،دنیا کامران خان کیساتھ میں گفتگو
اسلام آباد(دنیا نیوز )حکومت کی طرف سے کنسٹرکشن انڈسٹری کے لئے جاری کئے گئے مراعاتی پیکیج سے دگر گوں معاشی صورتحال میں امید کی شمع روشن ہوئی ہے ، ڈیڑھ سال میں سب سے بڑا پیکیج دینا حکومت کا سب سے بڑا کام ہے ،یہ پیکیج دستاویزی معیشت کا سائز دگنا کردے گا۔پروگرام ‘‘دنیا کامران خان کے ساتھ ’’ کے میزبان کے مطابق ماہرین پیکیج کو گیم چینجر قرار دے رہے ہیں،اس حوالے سے کاروباری برادری میں ایک نیا جذبہ پا یا جاتا ہے ، اس سے ایک کروڑ نوکریاں پیدا ہونا بھی ممکن ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا گزشتہ روز پاکستان کی سٹاک ایکسچینج کیلئے بہترین دن تھا ،روپیہ ڈالر کے مقابلے میں سواتین فیصد بڑھ گیا۔پروگرام میں مراعاتی پیکیج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بانی لیک سٹی لاہور گوہر اعجاز نے کہا مایوسی کے عالم میں حکومت نے جو پیکیج دیا ہے یہ عوام اور تاجروں کیلئے تاریخی ہے اور ان لوگوں کیلئے بڑی خوشخبری ہے جو کسی ایمنسٹی سکیم میں نہیں آرہی تھی،اس پیسے سے 50صنعتیں چلیں گی۔ انہوں نے کہا پاکستان میں معاشی سرگرمیاں لوٹ رہی ہیں،ہر جگہ کام شروع ہوچکا ہے ،مزدور ایس او پی بھی فالو کررہے ہیں،گھر بنانے کا ہدف بڑا نہیں اگر حالات ٹھیک رہے تو جی ڈی پی بہت اوپر چلی جائے گی، 18 ماہ سے ایل ڈی اے میں اس حوالے سے کام جاری تھا ،آباد سے مل کر بڑی محنت سے سفارشات تیار کی گئی ہیں جو کابینہ کو منظوری کیلئے بھیج دی گئی ہیں۔بانی نیا ناظم آباد کراچی عارف حبیب نے کہا اللہ کے فضل سے شرح سود میں کمی آئی ہے ،آئی ایم ایف ،ورلڈ بینک اور جی 20کی قرضوں میں سہولت پاکستان کیلئے بہت بڑا ریلیف ہے اس سے بہت بڑا معاشی دبائو ہٹ گیا ہے ،سٹاک ایکسچینج میں بہتری آئی ،روپیہ کچھ تگڑا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا خالی پالیسی کام نہیں دے گی، اب ذمہ داری بلڈرز پر آتی ہے کہ وہ زیادہ محنت سے کام کریں،جائز پیسے والوں کیلئے گھر خریدنے کا بہترین موقع ہے ،لاکھوں لوگوں کا پیسہ تعمیری کاموں میں لگے گا ۔ سب کیلئے بہت اچھی پچ تیار کی گئی ہے اب ان کو کھیلنا ہے کہ کیسے کھیلتے ہیں ۔بلڈر اینڈ ڈویلپر عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا کوئی شک نہیں آنیوالے دن پاکستان کی معیشت کیلئے بہترین ہوں گے ،پاکستان کے بدخواہوں کیلئے یہ واقعی برا دن ہے ،وزیر اعظم عمران خان پاکستان کیلئے نعمت ہیں جو مسلسل تاجر برادری سے رابطے میں ہیں، نوکریاں ملیں گی،زراعت بہتر ہوگی،ایکسپورٹ بڑھے گی،پاکستان مشکل سے گزر چکا ہے اب بہترین دور آنیوالا ہے ۔ انہوں نے کہا سی پیک میں بھی بہتری آئے گی،سب لوگوں نے اپنا اپنا رول ادا کیا ہے ۔اس پیکیج کی اچھی بات یہ ہے کہ اس سے کرپشن کے راستے بند ہوجائیں گے ،سب سے بڑا فائدہ 90 فیصد ٹیکس چھوٹ ہے ،اس سے قبل اتنا بڑا فائدہ کسی نے نہیں دیا۔10ہزار سے 15 ہزار کرائے پر رہنے والے اب اپنے گھر کے مالک بن سکتے ہیں،شرح سود اب اوپر نہیں جائے گی بلکہ مزید گرے گی،25 سے 30لاکھ کا مکان آسان قسطوں میں مل سکے گا۔ماہر امور ٹیکس ،کنسٹرکشن پیکیج مدثر خالد نے کہا وزیر اعظم کے ویژن کو عملی شکل ملی ہے ،کنسٹرکشن سیکٹر میں بہت مسائل تھے اب اس سیکٹر کو آفر دے دی گئی ہے کہ آئیں کام کریں،بزنس پیدا ہوگا،نوکریاں ملیں گی ،یہ ایمنسٹی سکیم سے زیادہ سرمایہ کاری سکیم ہے ،اب لوگوں کو پیسہ لگانے میں کوئی خوف نہیں ہوگا، جن لوگوں کے پاس جائز پیسہ تھا اور ایف اے ٹی ایف کی بندشوں کی وجہ سے باہر نہیں لارہے تھے ان کیلئے بہترین موقع ہے کہ وہ بے دھڑک ہوکر پیسہ لگا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا پیکیج میں بہت ہی آسان شرائط ہیں،تمام صوبوں سے مل کر اپروول پراسس کو آسان بنایا جارہا ہے ،ون ونڈو کے تحت یہ کام کیا جارہا ہے ۔آباد کے سابق چیئرمین حسن بخشی نے کہا پورا پاکستان مبارک باد کا مستحق ہے کیونکہ یہ پیکیج تمام پاکستانیوں کیلئے ہے جو لوگ آمدن کا ذریعہ ظاہر نہیں کرنا چاہتے تھے اب وہ اپنا گھر خرید سکیں گے ،یہ عام مزدور کا پیکیج ہے ،ود ہولڈنگ ٹیکس بھی نہیں لیا جائے گا،بلڈرز کیلئے بھی آسانیاں ہیں،چلتے ہوئے پروجیکٹ بھی اس میں شامل ہوں گے ،72صنعتیں اس سے مستفید نہیں ہوں گی بلکہ ہزاروں انڈسٹریز کا اس سے تعلق ہے ،حکومت کو اگلے سال 100فیصد ٹیکس ملے گا۔ انہوں نے کہا جیسے ہی وائرس کا معاملہ کم ہوتا ہے سب بلڈرز کام کیلئے تیار ہیں،اب ہماری نظریں سندھ حکومت اور وزیر اعلیٰ پر ہیں کہ وہ بھی آسانیاں پیدا کریں۔