5لاکھ ماسک مفت دینگے ،نہ پہننے پر سو روپے جرمانہ ،وزیر اعلیٰ جی بی

5لاکھ ماسک مفت دینگے ،نہ پہننے پر سو روپے جرمانہ ،وزیر اعلیٰ جی بی

پاک فوج نے بہت مدد کی،پہلا کیس ہمارے پاس ہی آیا، اب قابو پالیا،حفیظ الرحمن کراچی میں ڈاکٹرکی موت پر غیر جانبدار کمیشن نہ بنا،میزبان،دنیا کامران خان کیساتھ

اسلام آباد(دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ بغیر ماسک باہر نکلنے والوں پر 100 روپے جرمانہ کیا جائے گا۔آج سے 5لاکھ ماسک بازاروں میں جاکرمفت دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پروگرام ’’دنیا کامران خان کیساتھ ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں گلگت بلتستان کی کارکردگی بے مثال ہے ،کورونا کے مریض کم سے کم ترہیں ،اموات صرف تین ہیں،صحت یابی کی شرح بھی شاندارہے ،سب سے پہلے کورونا وائرس پر قابو پانے والا علاقہ بھی یہی ہوگا۔ مثالی نظام کے ذریعے وائرس پر قابو پایا جارہا ہے ۔دوسری جانب کراچی میں بھی سخت لاک ڈاؤن ہے ،اس لاک ڈاؤن میں وینٹی لیٹر نہ ملنے پر ڈاکٹر فرقان الٰہی کی موت ہوگئی،بلاول بھٹو ،مراد علی شاہ کی پراسرا ر خاموشی ناقابل فہم ہے ،ہسپتالوں کی او پی ڈیز عملاً بند ہیں،اس پر کسی شخص یا ہسپتال سے باز پرس نہیں کی گئی،حکومت نے کوئی غیرجانبدار کمیشن نہیں بنایا ، الٹا حکومت نے تحقیقات اپنے ہی سرکاری ڈاکٹروں کے حوالے کردیں۔ وزیر اعلیٰ جی بی حافظ حفیظ الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس وائرس پر قابو پالیاہے ،سب سے پہلا کیس ہمارے پاس آیا تھاجس ضلع کا مریض تھا اس کووہاں بھیجاگیا،پھر 60قریبی لوگوں کا ٹیسٹ کیاجن میں سے 6 میں وائرس پایا گیا۔ ہوم لاک ڈاؤن کی وجہ سے کوروناکنٹرول کرنے میں کامیاب ہوئے ۔ پاک فوج نے ہماری بہت مددکی۔وفاق کوکہہ رہے ہیں کہ سخت لاک ڈاؤن کی ضرورت ہے ۔ سیکرٹری جنرل جے ڈی سی ظفر عباس نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی والوں کے نصیب میں نجی ہسپتال مافیا ہے ،ان کے وینٹی لیٹرز ٹھیکے پر ہوتے ہیں۔ لوگ اذیت میں ہیں۔سابق سربراہ ہیلتھ کمیشن ڈاکٹر ٹیپو سلطان نے کہا کہ پرائیویٹ ہسپتال پیسہ بنانے میں مصروف ہیں اور سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات ہی نہیں۔صرف کراچی میں ہی نہیں ، سندھ بھر میں صحت کے مسائل ہیں۔وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ ڈاکٹر فرقان کے معاملے پر تحقیقات ہورہی ہیں،اگر کوئی ذمہ دار پایا گیا تو سخت سزا ملے گی،ہم کسی کو بچانے کی کوشش نہیں کریں گے ۔پورے ملک میں او پی ڈیز بند تھیں ،صرف سندھ کو مورد الزام ٹھہرانا زیادتی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں