احتساب کا نیا دور،نیب میں بڑے آپریشن کی تیاری جاری
ن لیگ کے بڑوں کیخلاف کیسز میں تیزی آگئی:میزبان’دنیا کامران خان کیساتھ‘
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نیب میں بڑے آپریشن کی تیاری کی جارہی ہے ۔دنیا نیوز کے پروگرام ’دنیا کامران خان کے ساتھ ‘کے میزبان کامران خان نے کہا ہے کہ کابینہ کے ارکان بھی نشانے پر ہیں،ملک میں احتساب کا نیا دور ہے ۔ایک ہفتے میں وزیر ہوا بازی اور وزیر مذہبی امور کیخلاف تحقیقات کا آغاز ہوا ہے ۔ن لیگ کے بڑوں کیخلاف پرانے کیسز میں تیزی لائی گئی ہے ۔جعلی بینک اکائونٹس،منی لانڈرنگ کیسز میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے ۔معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کوئی مشیر ہویا معاون خصوصی اس کے اثاثے ظاہر ہونے چاہئیں۔ غلام سرور خان اور نورالحق قادر ی کیخلاف شکایات تصدیق کے مراحل میں ہیں، آئین سے کوئی بالاترنہیں،وفاقی وزرا تحقیقات کیلئے نیب سے تعاون کررہے ہیں۔تحریک انصاف میں پارٹی سطح پرکوئی ہلچل نہیں۔ چینی کمیشن کی رپورٹ تفصیلی ہوگی،اسے عوام کے سامنے لائیں گے ۔ انہوں نے کہا شہبازشریف کیخلاف کیسز میں نیب نے اپنی تفتیش مکمل کرلی ہے اب ریفرنس دائر ہونے جارہے ہیں۔نواز شریف اور آصف زرداری کیلئے بھی حالات مزید مشکل ہونے جارہے ہیں۔وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا صوبوں کے ساتھ وفاق کو بھی مضبوط کرنا ہے ، 18 ویں ترمیم میں رہتے ہوئے قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کا حل موجود ہے ،اس میں بہت ساری اچھی چیزیں ہیں تاہم خامیاں بھی ہیں ان پر بیٹھ کربات کی جاسکتی ہے ۔