گرمی سے لیسکو کے ترسیلی نظام پر دبائو،فنی خرابیاں بڑھ گئیں
کورونا کے باعث مرمت و دیکھ بھال بہتر نہ ہوسکی،گھنٹوں بجلی بندرہنے لگی سسٹم کی درستی کیلئے لائن سٹاف کا کام بڑھ گیا، لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی:لیسکو
لاہور(رانا فہد سے )گرمی سے لیسکو کے ڈسٹری بیوشن سسٹم پردبائو بڑھنے سے مسائل بڑھ گئے ، شہر کے مختلف علاقوں میں فنی خرابیوں کے باعث بجلی کی کئی کئی گھنٹے بندش نے شہریوں کو شدید اذیت میں مبتلا کردیا،ذرائع کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران کورونا وائرس کے پھیلائو کے خدشات کے پیش نظر ٹرانسفارمرز کی مرمت و دیکھ بھال بہتر طریقے سے نہیں ہوسکی، ٹرانسفارمر کے بشز، ایل ٹی اور ایچ ٹی جمپرز کی مرمت اور ڈیٹوریٹڈکنڈکٹرز کی ری پلیسمنٹ نہ ہونے اور پرانی ، خستہ حال ایل ٹی لائنز تبدیل نہ ہونے سے تکنیکی خرابیوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ دوسری جانب لیسکو کو پہلے ہی سٹاف کی شدید قلت کا سامنا تھا، کورونا کے باعث سٹاف کی دستیابی مزید کم ہوگئی، جس کے باعث اب شکایت دور کرنے کیلئے کئی گھنٹے لگ جاتے ہیں، کسی ایک بھی سب ڈویژن میں یارڈ سٹک کے مطابق سٹاف موجود نہیں ایک شفٹ میں ایک لائن مین کو 15 سے 20 شکایات پر بجلی بحال کرنے کیلئے جانا پڑتا ہے جس سے ایک طرف تو کام کی زیادتی سے لائن مین حادثات کا شکار ہو رہے ہیں تو دوسری جانب ان کا کام بھی متاثر ہو رہا ہے ، جبکہ شہریوں کو بھی بجلی کی طویل بندش کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،مزید برآں کورونا وائرس کے باعث ریکوری نہ ہونے سے مالی مشکلات کا بھی سامنا ہے جس کی وجہ سے رواں سال ٹرانسفارمرز ،میٹرز اور دیگر سامان کی خریداری بھی پوری طرح نہیں ہوسکی، لیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ لیسکو کو بجلی کی کوئی کمی نہیں اس وقت طلب سے زائد بجلی موجود ہے ، چند روز سے گرمی کی شدت میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے جس سے تکنیکی خرابیاں پیدا ہوئیں، لیسکو ریجن میں کہیں بھی لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی،لیسکو کا فیلڈ سٹاف کورونا وائرس کے پھیلائو کے خدشات کے باوجود اس مشکل صورتحال میں بھی اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہا ہے ،کوشش کی جاتی ہے کہ آندھی اور بارش کے باعث جن علاقوں میں بجلی بند ہوتی ہے اسے فوری بحال کیا جائے ۔