ٹڈی دل خاتمہ : عالمی بینک سے 30 کروڑ ڈالر کا قرضہ لینے کا فیصلہ
رقم ٹڈی دل کے خاتمے اور کسانوں کے نقصان کے ازالے کیلئے استعمال کی جائیگی،سروے بھی کروایا جائے گا جلد پی سی ون پلاننگ ڈویژن کو ارسال، رواں ماہ یا عید کے بعد منظوری مل جائیگی :حکام وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی
اسلام آباد(نامہ نگار ) حکومت نے ملک میں ٹڈی دل کے خاتمے اور نقصانات کے ازالے کے لئے عالمی بینک سے 300ملین ڈالر کاقرضہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔نقصان کے ازالے کے لئے سب سے پہلے سروے کروایا جائے گا کہ کس علاقے میں ٹڈی دل کے حملوں کی وجہ سےکتنا نقصان ہوا ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزارت نیشنل فوڈسکیورٹی اینڈ ریسرچ کی جانب سے متعدد بار صوبوں کو مراسلے جاری کئے گئے کہ وہ ہمیں ٹڈی دل کی وجہ سے فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کا درست تخمینہ لگا کردیں لیکن ابھی تک کوئی رسپانس نہیں ملا ۔ وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کے حکام نے بتایا کہ عالمی بینک سے 300ملین ڈالر قرضہ لینے کیلئے مذاکرات مکمل ہوچکے ہیں اور بہت جلد پی سی ون پلاننگ ڈویژن کو بھجوایاجائے گا ، توقع ہے رواں ماہ یا عید کے بعد منظوری مل جائے گی ۔