بلیک میلنگ پر بول کا لائسنس منسوخ کیا جائے :پی بی اے

 بلیک میلنگ پر بول کا لائسنس منسوخ کیا جائے :پی بی اے

پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے )نے بزنس کیلئے ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کو بلیک میل کرنے پر بول نیوز کی مالک میسرز لبیک (پرائیویٹ )لمیٹڈ کے خلاف پیمرا میں باضابطہ درخواست دائر کر دی

کراچی (پ ر) درخواست میں پی بی اے نے پیمرا پر زور دیا ہے کہ پیمرا آرڈیننس کی مختلف شقوں کے علاوہ الیکٹرانک میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ 2015، پیمرا ریگولیشنز 2012کی روشنی میں غیر اخلاقی ہتھکنڈے استعمال کرنے ، معروف ایڈورٹائزنگ کمپنیوں اور انتہائی معتبر پیشہ ور افراد پر بے بنیاد ، تحقیر آمیز اور جھوٹے الزامات عائد کرنے پر بول نیوز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ، نشریات روکنے کا حکم جاری کرتے ہوئے اس چینل کا لائسنس منسوخ کیا جائے ۔ بول نیوز کے مالکان ایگزیکٹ کے بھی مالک ہیں یہ کمپنی جعلی ڈگری اور بلیک میلنگ کے سب سے بڑے سکینڈل میں ملوث تھی، جس نے دنیا بھر میں پاکستان کو رسوا کیا ، عالمی عدالتوں میں اس پر جعلی ڈگریوں کا کاروبار چلانے اور بلیک میل کرنے کی فرد جرم بھی عائد ہو ئی تھی، قبل ازیں پی بی اے نے پیمرا کے نام 21 مارچ 2020 کے ایک خط میں بول نیوز کی جانب سے معروف ایڈورٹائزنگ کمپنیوں اور انتہائی معتبر پیشہ ور افراد پر جھوٹے الزامات کا معاملہ اٹھایا تھا مگر تاحال میسرز لبیک (پرائیویٹ )لمیٹڈ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں