ہتھکڑی لگے ملزم کی احاطہ عدالت میں نکاح کی تقریب
والدین نے تحسین پر اغوا کا مقدمہ درج کرایا، آمنہ بچانے عدالت پہنچ گئی عدالت نے لڑکی کے بیان پر دونوں کو ایک ساتھ رہنے کی اجازت دے دی
لاہور (چودھری نعمان نور)ماڈل ٹائون کچہری میں پسند کی شادی کی انوکھی تقریب ہوئی اور ہتھکڑی لگا ملزم احاطہ عدالت میں دولہا بن گیا ۔ تھانہ کاہنہ میں درج اغوا کے مقدمہ 2244/20 میں ملوث ملزم تحسین نیاز کو ماڈل ٹائون کچہری لایا گیا تو آمنہ اپنے محبوب کو بچانے کیلئے عدالت پہنچ گئی۔کاہنہ کی رہائشی 19 سالہ آمنہ سے ملزم نے احاطہ عدالت میں ہی پسندکی شادی کر لی اور جوڑے کا سادگی سے نکاح پڑھایا گیا۔ نکاح نامہ میں لڑکی کا حق مہر ایک لاکھ روپے درج کیا گیا ۔ بعد ازاں آمنہ نے جوڈیشل مجسٹریٹ آصف اقبال کے روبرو بیان دیا کہ میں نے تحسین نیاز سے پسند کی شادی کی ہے ۔تحسین نیاز میرا شوہر ہے مجھے اغوا نہیں کیا گیا۔ہم نے نکاح کر لیا ہے لیکن میرے والدین نے شوہر پر جھوٹا مقدمہ درج کرا دیا ہے ۔ عدالت نے لڑکی کا بیان قلمبند کرنے کے بعد دونوں کو ایک ساتھ رہنے کی اجازت دے دی ۔