انتظامی افسر مصنوعی مہنگائی پیدا کرنیوالوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کریں : بزدار

شہریو ں کو ناجائز منافع خوروں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے ، چیف سیکرٹری سے گفتگو، منیر احمد سے بھی ملاقات ، اپوزیشن کو اب ہوش کے ناخن لینے چاہئیں،پی ڈی ایم والے تما شا لگاتے خود تما شا بن چکے :ارکان اسمبلی سے گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے انتظامی امور،مہنگائی پر قابو پانے ،کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو بہتر بنانے اور لو کاسٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کرنے کے حوالے سے ہدایات دیں ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ مہنگائی کنٹرول کرنے کے لئے ضروری انتظا می اقدامات اٹھائے جائیں ۔شہریو ں کو کسی بھی صورت ناجائز منافع خوروں اور ذخیر ہ اندوزوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے ،انتظامی افسر مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں اوراشیائے ضروریہ کی مقررکردہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائیں ،انہوں نے کہاکہ شہریوں کو ریلیف دینے کے لئے انتظامیہ کو مزید جانفشانی سے کام کرنا ہوگا۔صفائی کے انتظامات کے حوالے سے جامع پلاننگ کی جائے اور کوڑا کرکٹ کو بروقت مناسب طریقے سے اٹھایا جائے ۔انہوں نے کہاکہ کم آمدن والے شہریوں کے لئے سستے گھروں کی تعمیر ہماری حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے اوراس منصوبے سے متعلقہ امور کو فاسٹ ٹریک پر آگے بڑھایا جائے ۔وزیراعلیٰ سے وزیراعظم کے مشیر بیرسٹر شہزاداکبرنے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے معاملات،سیاسی اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ قومی اداروں کی عزت پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے ۔اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کرنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ۔قومی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے ۔کرپٹ ٹولے نے نان ایشوز پر سیاست چمکاکر اپنا تما شا خود لگوایا۔اس ٹولے کو پہلے بھی رسوائی ملی اور آئندہ بھی یہ رسوا ہوتے رہیں گے ۔ ادارے ہمارا فخر ہیں ۔کرپٹ ٹولے کی ہر مذموم سازش ناکام رہے گی۔عثمان بزدار سے صوبائی وزراء اور مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔عوامی نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے علاقوں کے مسائل اور عوامی ضروریات سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ارکان اسمبلی کے مسائل حل کرنے کیلئے فوری ایکشن کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب میں وہ تبدیلی لارہے ہیں جس کا وزیراعظم عمران خان نے وعدہ کیاہے ۔پنجاب بدل رہاہے ۔مخالفین کی کوئی پرواہ نہیں، صرف کام کرنا جانتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ تنقید برائے تنقید کا کوئی اثر نہیں لیتا، کام کی دھن میں مگن ہوں۔عثمان بزدار سے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے منیر احمد خان کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے تحریک انصاف میں شمولیت پر منیر احمد خان کا خیر مقدم کیا۔عثمان بزدار نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے ۔ اپوزیشن کو اب منفی سیاست چھوڑ کر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ہم عوامی خدمت کے لئے آئے ہیں اورعوامی خدمت کرتے رہیں گے ۔سازشیں کرنے والے ہر موقع پر ناکام رہے ہیں۔پی ڈی ایم والے تماشا لگاتے لگاتے خود تماشا بن چکے ہیں۔22کروڑ عوام کبھی بھی اس ٹولے کو اپنے روشن مستقبل سے نہیں کھیلنے دیں گے ۔عثمان بزدار نے پنجاب کلچرڈے پراپنے پیغام میں کہاہے کہ محبت، امن، بھائی چارے ، یگانگت اور رواداری پنجاب کی ثقافت کے نمایاں رنگ ہیں۔ثقافت سے جڑی رہنے والی قومیں ہی آگے بڑھتی ہیں۔پنجاب کی مٹی سے پیار، محبت، مہمان نوازی اور اخلاق کی خوشبو آتی ہے ۔