پختونخوا بلدیاتی : میئر، تحصیل چیئرمین کی 64 میں سے 16 سیٹوں کے نتائج : تحریک انصاف7، جے یو آئی 4، اے این پی 2 پر کامیاب
پولنگ سٹیشنوں پر حملے، خودکش دھماکا، فائرنگ، لڑائی، مار کٹائی، ایم این اے کے کزن سمیت 6جاں بحق ، ہری پور سے ن لیگ کا 1امیدوارفاتح ، 2آزاد کامیاب ،جے یو آئی کو مئیرپشاورکی سیٹ پربرتری،تحصیل چیئرمین کی 2 نشستیں بھی جیت لیں،پی ٹی آئی مئیربنوں کی سیٹ پرآگے ، باجوڑ میں خودکش حملہ،تخت نصرتی میں شاہد خٹک کا چچا زاد بھائی اور گن مین نشانہ بنے ،کوہاٹ ، ٹانک میں فائرنگ، تحصیل بکا خیل میں 5پولنگ سٹیشنز پردھاوا،الیکشن ملتوی
پشاور،اسلام آباد(دنیا نیوز،وقائع نگار) خیبرپختونخوا کے 17اضلاع میں منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں تحصیل چیئرمین کی 64نشستوں پررات گئے تک کے موصولہ نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف7 سیٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے ، جمعیت علمائے اسلام (ف) 4،اے این پی اورآزاد امیدواروں نے 2، 2 سیٹوں پر کامیابی حاصل کرلی، جے یو آئی کو پشاور ،پی ٹی آئی کو پولنگ بنوں میں مئیرکی سیٹوں پر برتری حاصل ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی حکومتوں کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے پولنگ ہوئی، جن اضلاع میں بلدیاتی انتخابات منعقد ہو ئے ، ان میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، کوہاٹ، خیبر،مہمند، ہنگو، بنوں،کرک، لکی مروت،ڈیرہ اسماعیل خان،ہری پور، بونیر، ٹانک اور باجوڑ شامل ہیں۔ رات گئے موصولہ انتخابی نتائج کے مطابق پشاو ر سٹی میئرکی سیٹ پر جمعیت علمائے اسلام کے زبیر علی خان 18414ووٹ لے کر آگے ہیں جب کہ پی ٹی آئی کے رضوان بنگش 10328ووٹ لے کر پیچھے ہیں۔ تحصیل چیئرمین متھرا کی نشست پرجے یو آئی کے فرید اللہ خان،تحصیل چیئرمین چمکنی کی سیٹ پر عوامی نیشنل پارٹی کے ارباب عمرخان آگے ہیں۔ تحصیل چیئرمین شاہ عالم کی سیٹ پر جے یوآئی کے کلیم اللہ 20001ووٹ لے کرکامیاب ہوئے ۔ تحصیل چیئرمین حسن خیل میں پی ٹی آئی کے حفیظ الرحمن آفریدی 6274وو ٹ لے کر فاتح رہے ،تحصیل بڈھ بیر،تحصیل چیئرمین پشتخرہ کی سیٹوں کا رزلٹ موصول نہیں ہوسکا۔ ضلع نوشہرہ کی تحصیل چیئرمین نوشہرہ کی سیٹ پروفاقی وزیر پرویزخٹک کے بیٹے اورتحریک انصاف کے ا میدوار اسحاق خٹک کوبرتری حاصل،تحصیل چیئرمین پبی کی نشست پر عوامی نیشنل پارٹی کے غیورعلی خٹک،تحصیل چیئرمین جہانگیرہ میں پی ٹی آئی کے کامران رزاق آگے ہیں۔ تحصیل چیئرمین چارسدہ کی سیٹ پر اے این پی کے تیمور خٹک 14750وو ٹ لے کر لیڈ کررہے ہیں۔تحصیل چیئرمین تنگی کی سیٹ پرآزاد امیدوار ناصرعلی خان 11352 ووٹ لے کر آگے ہیں۔تحصیل شبقدرمیں پی ٹی آئی کے شاہداللہ خان 10ہزار560 ووٹ لے کرپہلے نمبر پر ہیں۔ سٹی میئر مردان کی سیٹ پر اے این پی کے حمایت اللہ مایار 14253 ووٹوں سے آگے ۔تحصیل چیئرمین کاٹلنگ میں جے یوآئی کے حماد اللہ یوسفزئی 8871ووٹو ں سے آگے ۔تحصیل چیئرمین تخت بھائی کی سیٹ جے یوآئی کے محمد سعید کو 10167ووٹوں کی برتری حاصل ہے ۔تحصیل چیئرمین گڑھی کپورہ میں اے این پی کے بختاورخان آگے ہیں، تحصیل چیئرمین رستم کی سیٹ پرجے یو آئی کے مبارک درانی آگے ہیں۔ ضلع صوابی کی تحصیل رزڑ سے عوامی نیشنل پارٹی کے غلام فرید22743 ووٹ لے کر کامیاب،تحصیل چیئرمین صوابی کی سیٹ پر پی ٹی آئی کے عطااللہ خان آگے ہیں۔ تحصیل چیئرمین چھوٹا لاہور سے ن لیگ کے عادل خان ،تحصیل چیئرمین ٹوپی سے جے یوآئی کے محمد رحیم خان 8364ووٹ لے کر آگے ہیں۔ سٹی میئرکوہاٹ کی سیٹ پر آزاد امیدوارشفیع اللہ،تحصیل چیئرمین لاچی کی سیٹ پرآزاد امیدوار محمد احسان آگے ہیں۔تحصیل چیئرمین درہ آدم خیل اور تحصیل چیئرمین گمبٹ کے رزلٹ موصول نہیں ہوئے ۔ ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ،لنڈی کوتل کا رزلٹ نہ مل سکا جب کہ تحصیل چیئرمین جمرود میں تحریک اصلاحات پاکستان پارٹی کے سید نواب آفریدی آگے ہیں۔ تحصیل چیئرمین ہنگو کے لئے آزاد امیدوار عامر غنی 16535 ووٹ لے کر فاتح رہے ۔تحصیل چیئرمین ٹل کی سیٹ پرجمعیت علماء اسلام (ف)کے مفتی عمران محمد14001 لے کر کامیاب ہوگئے ۔ ضلع بنوں میں سٹی میئربنوں کی سیٹ پر پاکستا ن تحریک انصاف کے اقبال خان جدون 27954ووٹ لے کرآگے ہیں، جبکہ جے یوآئی کے امیدوارعرفان اللہ درانی24791ووٹوں کے ساتھ پیچھے ہیں ۔ تحصیل میریان میں آزاد امیدوار پیرکمال شاہ نے 11885ووٹ لے کر تحریک انصاف کے امیدوار کوشکست دیدی۔تحصیل چیئرمین ککی کی سیٹ پر پی ٹی آئی کے جنید الرشید4435وو ٹ لے کر کامیاب قرار پائے ۔ تحصیل وزیر میں ملک مستوخان 3211لے کرکامیاب ہوگئے ۔ تحصیل بکا خیل میں نتائج میں انتخابات ملتوی کردیے گئے اور ڈومیل میں نتائج موصول نہ ہوسکے ۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پروآ میں مفتی فضل الرحمن9732ووٹ لیکر آگے ہیں، جے یو آئی کے امتیاز احمد بلوچ 6462ووٹ لیکر پیچھے ہیں۔تحصیل درابن سے پی ٹی آئی کے بابر بادشاہ11832ووٹ لے کرآگے ہیں۔تحصیل پہاڑپور کی سیٹ کے لئے پیپلزپارٹی کے مخدوم الطاف حسین شاہ 24180ووٹ لے کر لیڈ کر رہے ہیں ۔تحصیل چیئرمین کلاچی سے پی ٹی آئی کے آریزگنڈاپور12376 ووٹ لے کر آگے ہیں۔ڈیرہ اسماعیل خان سٹی میئرکی سیٹ پر الیکشن ملتوی ہوگئے ہیں۔ جب کہ تحصیل درازندہ کا رزلٹ حاصل نہ ہوسکا۔ ضلع ٹانک میں تحصیل چیئرمین ٹانک کی نشست پر تحریک انصاف کے ملک محمد رمضان 19871ووٹ لے کر آگے جب کہ جے یو آئی کے صدام حسین بیٹنی 16625ووٹو ں کیساتھ پیچھے ہیں، تحصیل چیئرمین جنڈولہ کی سیٹ پرتحریک انصاف کے سید بادشاہ بیٹنی آگے ہیں۔ ضلع کرک میں تحصیل چیئرمین کی سیٹ پر اے این پی کے عبدالرحمن خٹک6611 ووٹ لے کرآگے ۔ تحصیل چیئرمین بانڈو دائود شاہ کی نشست پر پی ٹی آئی کے عنائت اللہ 9680ووٹ لے کر آگے ہیں۔تخت نصرتی میں آزاد امیدوار ملک کامران قاسم 4133ووٹ لے کر آگے ہیں۔ ضلع لکی مروت میں سٹی چیئرمین لکی مروت کیلئے آزاد امیدوار ظفراللہ مروت آگے ،تحصیل چیئرمین سرائے نورنگ کی سیٹ پر جماعت اسلامی کے عزیز اللہ خان 7328ووٹ لے کر لیڈ کر رہے ہیں۔ تحصیل چیئرمین غزنی خیل کی سیٹ پر آزاد امیدوار ذیشان محمد خان آگے ہیں۔تحصیل چیئرمین بیٹنی کا رزلٹ نہ مل سکا۔ علاوہ ازیں ضلع ہری پور میں تحصیل ہری پور کی سیٹ کے لئے آزاد امیدوار سمیع اللہ خان آگے ہیں۔ تحصیل غازی میں ن لیگ کے قاسم شاہ 10783ووٹ کیساتھ آگے ہیں، جب کہ تحصیل خانپورمیں مسلم لیگ ن کے راجہ ہارون سکندر32361ووٹ لے کرکامیاب ہوئے ۔ باجوڑ کی تحصیل خار میں جے یو آئی کے سید بادشاہ 3933ووٹ لے کر آگے ہیں ،تحصیل نائوگنی میں تحریک انصاف کے خلیل الرحمن 9008لے کر آگے ہیں۔ ضلع بونیر میں تحصیل کاگرہ میں پی ٹی آئی کے سید سالارجہاں 9344ووٹ لے کر ، تحصیل چغرزئی میں پی ٹی آئی کے شریف خان 8001 ووٹ کیساتھ، تحصیل ڈگر میں پی ٹی آئی کے روزی خان 8547،تحصیل گدیزئی میں پی ٹی آئی کے شیرعالم خان 10365ووٹ کیساتھ فاتح رہے ۔ تحصیل خدوخیل میں گلزار حسین بابک 7037ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ۔ تحصیل مندنڑ کا رزلٹ موصول نہیں ہوسکا۔ تحصیل اپر مہمند سے جے یوآئی کے حافظ تاج ولی 7987 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ۔ مزید برآں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہا۔صوبے کے قبائلی اضلاع کے عوام نے تاریخ میں پہلی بار اپنے بلدیاتی نمائندے منتخب کرنے کے لیے ووٹنگ میں حصہ لیا،بلدیاتی حکومتوں کے انتخابات کے لیے 9 ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنز اور تقریباً 29 ہزار پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ،جن میں سے 2 ہزار 500 سے زائد کو انتہائی حساس اور 4 ہزار 100 سے زائد پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا۔ مجموعی طور پر 19ہزار 282 امیدوار 2 ہزار 359 ولیج اور نیبرہڈ کونسلوں میں جنرل نشستوں پر انتخاب میں حصہ لیا جبکہ وی سی این سیز کی اتنی ہی نشستوں کے لیے خواتین امیدواروں کی تعداد 3 ہزار 905 ہے ۔اسی طرح کسانوں اور مزدوروں کی نشستوں کے لیے 7 ہزار 513، نوجوانوں کے لیے 290 اور اقلیت کے لیے 282 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع کی64تحصیل کونسلز کے میئر یا چیئرمین کی نشستوں کے لیے 689 امیدوار میدان میں اترے ۔ بلدیاتی انتخابات کے لیے ہر ووٹر نے 6 ووٹ کاسٹ کیے ، میئر سٹی کونسل اور چیئرمین تحصیل کونسل کی نشست کے لیے ووٹر کو سفید رنگ، نیبر ہڈ اور ولیج کونسل کے لیے سلیٹی رنگ جبکہ خواتین کی نشست کے لیے گلابی رنگ کا بیلٹ پیپر دیا گیا۔ ادھربنوں کی تحصیل بکاخیل میں امن وامان کی خراب صورتحال کے سبب بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیئے گئے ، پولنگ کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ خیبر پختونخوا کے 17اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوران کئی مقامات پر انتخابی دنگل میدانِ جنگ بن گیا جبکہ خودکش دھماکا،راکٹ حملے اور فائرنگ کے واقعات میں ایم این اے شاہد خٹک کے چچازاد بھائی سمیت 6افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ،زخمیوں میں جنرل کونسلر کا امیدوار بھی شامل ہے ۔ ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقہ کمرسر میں خودکش دھماکے میں 2 افرادجاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے ۔ وزیراعلٰی کے پی کے محمود خان نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے ورثا کیلئے 5 ، 5 لاکھ جبکہ زخمیوں کیلئے 2، 2لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔ادھر ضلع کرک کی تحصیل تخت نصرتی میں پولنگ سٹیشن میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس سے پی ٹی آئی کے ایم این اے شاہد خٹک کے چچازاد بھائی ،انکا گن مین جاں بحق اور 6افراد زخمی ہوگئے جبکہ واقعہ کے بعد پولنگ روک دی گئی۔ ڈیرہ اسما عیل خان کی تحصیل ٹانک کے علاقہ اماخیل میں زنانہ پولنگ سٹیشن پر جے یوآئی کارکنوں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا۔کوہاٹ کے علاقے شیخان میں پولنگ سٹیشن کے باہر مخالفین کی فائرنگ سے صفدر نامی شخص جاں بحق جبکہ 2 افراد طیب شاہ اور عقیل زخمی ہوگئے ، بنوں کی تحصیل بکاخیل کے علاقے میں رات گئے پانچ پولنگ سٹیشنوں پر مسلح نقاب پوشوں نے دھاوا بول دیا،عملہ اور پولیس کو یرغمال بنا کر بیلٹ پیپرز ، مہریں وغیرہ اُٹھا کر لے گئے ،الیکشن کمیشن نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بکاخیل میں تمام انتخابات غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیئے ، چیف الیکشن کمشنر نے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی جو 7 روز میں اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کرے گی۔عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور پچاس سے 60 گاڑیوں میں سوار تھے جو گورنمنٹ گرلز مڈل سکول رشید چیڑی نرمی خیل ، گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول نوردراز چیڑی نرمی خیل ، گورنمنٹ پرائمری سکول مشرف نرمی خیل پی یس 1 اور پی ایس 2 ، گورنمنٹ ہائی سکول نواب نرمی خیل پی ایس 1 اور پی ایس 2 اور گورنمنٹ ہائی سکول صورت خان میں داخل ہو کر پولنگ سٹیشنوں سے بیلٹ پیپرز اورمہریں لے گئے ، حملہ آوروں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے پولیس اور عملہ نے کوئی مزاحمت نہیں کی،اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے الزام عائد کیا ہے کہ بنوں کی تحصیل بکا خیل میں پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر شاہ محمد خان نے 5 پولنگ سٹیشنز پر دھاوا بولا، سامان چھینا اور عملے کو بھی اغوا کر کے لے گئے ۔ جھگڑوں کے باعث کئی اضلاع میں متعدد پولنگ سٹیشنوں پر ووٹنگ کا عمل روک دیا گیا ، تحصیل بکاخیل میں پیش آنے والے واقعہ پر ریٹرننگ افسر کی رپورٹ میں کہاگیا کہ گورنمنٹ ہائی سکول نرمی خیل سے فائرنگ کے بعد پولیس افسران کو یرغمال بنایا گیا۔ اسلحے کے زور پر الیکشن مواد چھینا گیا، ضلع خیبر بلدیاتی الیکشن کے دوران میدان جنگ بن گیا، زخہ خیل اورلنڈی کوتل میں مسلح افرادکے پولنگ سٹیشنوں پرحملے اورفائرنگ سے بھگدڑمچ گئی جبکہ تصادم کے دوران راکٹ چل گئے ۔پولنگ سٹیشن پربیلٹ باکس توڑے گئے اور الیکشن مواد کوبھی نقصان پہنچایا گیا جبکہ بھگدڑ اور بد نظمی کے بعد 20 پولنگ سٹیشنز پر پولنگ کاعمل بند ہوگیا جس کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے ۔تحصیل جمرود کے علاقہ ملاگوری میں پولنگ سٹیشن میں بھگدڑاور ہوائی فائرنگ کے بعد پولنگ کا عمل شدید متاثر رہا۔خیبر کی تحصیل باڑہ کے علاقے جان خان سکول میں خواتین پولنگ سٹیشن میں بدنظمی کے بعد ووٹنگ کا عمل روک دیاگیا۔اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند کے شہید بانڈہ پولنگ سٹیشن کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ویلج کونسل کے جنرل کونسلر کے امیدوار زخمی ہوگئے ۔ضلع ٹانک کے نواحی علاقے ملازئی میں پولنگ سٹیشن پر دو سیاسی پارٹیوں کے درمیان تصادم کے بعد ووٹنگ کا عمل شدید متاثر رہا تاہم ضلعی انتظامیہ نے پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کرادیا۔ضلع لکی مروت میں ملتانی من جیوالہ کے خواتین کے پولنگ سٹیشن کے باہر فائرنگ سے علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی۔ فائرنگ کے بعد پولنگ روک دی گئی تاہم ڈی پی او شہزادہ عمر ریاض نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پالیا۔کوہاٹ کے سنگڑھ گرلز پرائمری سکول پولنگ سٹیشن میں دھاندلی کی شکایت پر تحصیل میئر کے امیدوار نے پولنگ رکوا دی تاہم اسسٹنٹ کمشنر نے خاتون پریذائیڈنگ افسر کو کام سے روک کر چارج ڈپٹی پریذائیڈنگ افسر کے حوالے کر دیا۔بونیرکی تحصیل چغرزئی میں بد نظمی کے باعث خواتین پولنگ سٹیشن پر پولنگ کا عمل روکا گیا تاہم کچھ دیر بعد دوبارہ شروع کر دیا گیا۔ پشاور میں گورنمنٹ پرائمری سکول شاہ عالم پولنگ سٹیشن میں بدنظمی اور دھکم پیل میں پولیس اہلکار سمیت دو افراد زخمی ہو گئے ۔ جے یو آئی رہنما اور کے پی کے اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے الزام عائد کیا ہے کہ بنوں کی تحصیل بکا خیل میں پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر شاہ محمد خان نے 5 پولنگ سٹیشنز پر دھاوا بولا، سامان اور عملے کو بھی اغوا کر کے لے گئے ۔مردان کی تحصیل کاٹلنگ میں چیئرمین شپ کے الیکشن کے لیے ن لیگ کا امیدوار جے یو آئی ف کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہو گیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار عمرخطاب شیرانی کے قتل کے بعد کونسل میئر شپ کی نشست کا الیکشن ملتوی کردیاگیا۔ نوشہرہ میں ہنگامہ آرائی کے باعث کئی پولنگ سٹیشن پر ووٹنگ کا عمل روک دیا گیا ۔خواتین پولنگ سٹیشن پر دھاوا اور ہلڑ بازی بتائی گئی ہے ، ہلڑبازی کے دوران پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔ مصری بانڈہ میں آزاد امیدوار نے ساتھیوں کے ساتھ خواتین پولنگ سٹیشن پر حملہ کردیا۔بیلٹ بکس چھیننے کی کوشش کی ۔ ڈی پی او نوشہرہ نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی نشاندہی کے بعد تھانہ مصری بانڈہ میں مقدمہ درج کرلیا۔