دھند، لاہور سے مقامی وعالمی 13 پروزاوں کا شیڈول متاثر، مسافر کا جم غفیر

دھند، لاہور سے مقامی وعالمی 13 پروزاوں کا شیڈول متاثر، مسافر کا جم غفیر

علامہ اقبال ایئرپورٹ پرحدنگاہ انتہائی کم،زیادہ ترپروازوں کارخ اسلام آبادموڑدیاگیا،فیصل آبادمیں بھی لینڈنگ نہ ہوسکی ، رش کی وجہ سے کاؤنٹرزپرلوڈبڑھ گیا،پارکنگ تنگ پڑ گئی،مسافرخوارہوگئے ،موٹروے ایم3،ایم4،ایم5ٹریفک کیلئے بندرہی

لاہور(نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )دھند کی وجہ سے مقامی وعالمی 13پروازوں کا شیڈول متاثر ہونے سے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر مسافروں کا جم غفیر دیکھنے میں آیا،ایئرپورٹ پرحدنگاہ انتہائی کم رہی،لینڈنگ میں مشکلات کے سبب زیادہ ترپروازوں کارخ
اسلام آبادکی طرف موڑدیاگیا،فیصل آبادمیں بھی لینڈنگ نہ ہوسکی،13 پروازوں کے مسافرایک ساتھ آنے کی وجہ سے لاہورایئرپورٹ پر رش ہو گیا،جس کی وجہ سے کاؤنٹرزپرلوڈبڑھ گیا،پارکنگ تنگ پڑ گئی اورمسافرخوارہوگئے ،موٹروے ایم3،ایم4،ایم5ٹریفک کیلئے بندرہی۔لاہور ایئرپورٹ کے منیجر کے مطابق دھند کی وجہ سے فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا، حد نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے طیاروں کی لینڈنگ ممکن نہیں رہی، زیادہ تر پروازوں کا رخ اسلام آباد کیلئے موڑ دیا گیا، کراچی سے لاہور جانیوالی پرواز واپس کراچی کی جانب موڑ دی گئی۔اسی طرح ابوظہبی سے لاہور آنے والی پرواز کا رخ اسلام آباد موڑ دیا گیا ، کویت سے لاہور آنے والی کارگو پرواز کوبھی اسلام آبادلینڈکروایاگیا جبکہ فیصل آباد ایئرپورٹ کے اطراف حدنگاہ 800میٹر ہونے کے باعث دبئی سے فیصل آباد آنے والی پرواز کو بھی لینڈنگ کی اجازت نہ ملی،ذرائع کے مطابق علامہ اقبال ایئرپورٹ پر13 سے زائد پروازوں کے مسافرایک ساتھ جمع ہونے سے گاڑیوں کیلئے پارکنگ کی جگہ کم پڑ گئی، ایف آئی اے کسٹم کاؤنٹر، اے ایس ایف کاؤنٹر اور سکیننگ مشینوں پر بوجھ بڑھ گیا، ایف آئی اے امیگریشن کاؤنٹر اور ایئر لائن بریفنگ کاؤنٹر بھی کم پڑ گئے ، سول ایوی ایشن اتھارٹی بھی ایئر پورٹ کی حدود میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات دینے میں ناکام ہو گئی، ایئر لائن کا پرانا کمپیوٹر سسٹم بھی سست پڑ گیا،لاہور سے کراچی جانے والے سرین ایئرلائن، قومی ایئرلائن کی کراچی جانے والی پرواز تین سو پانچ ، ایئربلیو کی لاہور سے کراچی جانے والے پروازچار سو پانچ ،اتحاد ایئرویز کی لاہور سے ابوظہبی جانے والی پرواز دو سو چوالیس، لاہور سے جدہ جانے والی ایئربلیو کی پرواز سینتالیس سو ،گلف ایئرلائن کی پرواز دو ہزار سات سو پینسٹھ ،لاہور سے جدہ جانے والی قومی ایئرلائن کی پرواز 8739 ،لاہور سے گلف جانے والی سرین ایئرلائن کی پرواز، ایئربلیو کی کراچی سے لاہور آنے والی پرواز، سرین ایئر کی دبئی سے لاہور آنے والی پرواز ،قومی ایئرلائن کی دبئی سے لاہور آنے والی پرواز تاخیر کاشکارہوئیں ۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں کے رش کو کم کرنے کیلئے ہنگامی انتظامات کئے تاہم پروازوں کی روانگی کئی گھنٹے بعد موثر بنائی جاسکی۔ادھرگزشتہ روزدھندکے سبب موٹروے ایم تھری لاہورسے درخانہ، موٹروے ایم فورشیرشاہ انٹرچینج سے عبدالحکیم، موٹروے ایم 4ٹوبہ انٹرچینج سے پنڈی بھٹیاں، موٹروے ایم فائیوشیرشاہ انٹرچینج سے جلالپورپیروالا، موٹروے ایم 4شیرشاہ انٹرچینج سے فیصل آبادتک بند کردی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں