کرپشن کا الزام:پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر گرفتار،نا معلوم مقام پرمنتقل

کرپشن کا الزام:پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر گرفتار،نا معلوم مقام پرمنتقل

اسلام آباد،ڈیرہ اسماعیل خان (خصوصی نیوز رپورٹر،اپنے نامہ نگارسے ،نیوز ایجنسیاں)سابق سپیکر قومی اسمبلی ، پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر کو اسلام آبادسے گرفتار کرلیا گیا جبکہ سابق وفاقی وزیرعلی امین گنڈاپورکی گرفتاری کیلئے ڈیرہ اسماعیل خان میں ان کے گھرپرچھاپہ ماراگیا تاہم وہ گھرپرموجودنہیں تھے۔

اسد قیصر کے بھائی نے ویڈیو بیان میں کہا کہ اسد قیصر کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتارکیا گیا ہے ،اسد قیصر گھر پر تھے جب پولیس اورسادہ لباس میں اہلکار گھر آئے اور اسد قیصر کو گرفتار کرکے لے گئے ،ذرائع کے مطابق اسد قیصر کو گرفتاری کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ،انہیں بنی گالا میں ان کی رہائش گاہ سے پولیس اور اینٹی کرپشن نے گرفتار کیا ہے ،ذرائع نے بتایاکہ اسدقیصر پر گجو خان میڈیکل کالج صوابی کیلئے طبی آلات کی خریداری میں کرپشن کا الزام ہے ،ذرائع نے مزید بتایا کہ اسد قیصر پر قومی اسمبلی کی سپیکر شپ کے دوران بڑے پیمانے پر اپنے حلقے کے لوگوں کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں خلاف ضابطہ ملازمتیں دینے کا بھی الزام ہے ۔ادھرآئی این پی کے مطابق اینٹی کرپشن اور پولیس نے علی امین گنڈاپورکی گرفتاری کیلئے ڈیرہ اسماعیل خان میں ان کے گھر پر چھاپہ مارا ہے ،محکمہ اینٹی کرپشن کے مطابق علی امین گنڈا پور چھاپے کے وقت گھر پر موجود نہیں تھے ، تاہم ان کے زیرِ استعمال 4 گاڑیاں ان کے گھر پر موجود تھیں،واضح رہے کہ علی امین گنڈا پور مختلف مقدمات میں مطلوب ہیں،دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسدقیصرکی گرفتاری انتخابات کی شفافیت کو متاثر کرنے کی کوشش ہے ،پی ٹی آئی کے رہنماعلی محمدخان نے کہا ہے کہ الیکشن تاریخ کے اعلان والے دن اسد قیصر کی گرفتاری سمجھ سے باہر ہے ، عدلیہ سے رجوع کیا جائیگا،انہوں نے کہا پکڑ دھکڑ سے نکل کر الیکشن کی فضا بنائی جائے اور تمام سیاسی جماعتوں کو آزادی سے الیکشن لڑنے دیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں