بلوچستان:کیچ میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے دو مزدور قتل

بلوچستان:کیچ میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے دو مزدور قتل

کوئٹہ ( مانیٹرنگ ڈیسک )ضلع کیچ میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے دو مزدور جاں بحق ہوگئے ۔

سرکاری حکام کے مطابق جاں بحق افراد مزدور تھے جنھیں مسلح افراد نے تمپ کے علاقے سرنکن بالیچہ میں نشانہ بنایا ۔ایک اہلکار نے بتایا کہ مارے جانے والے دونوں افراد اس علاقے میں ایک عمارت پر کام کر رہے تھے جاں بحق افراد کی شناخت ہوگئی ہے ان کا تعلق صوبہ پنجاب کے ضلع فیصل آباد سے ہے ۔دونوں افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا ۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان معصوم افراد کو شناخت کی بنیاد پر مارا گیا ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ‘جب ہم جیسے لوگ کہتے ہیں کہ بلوچستان میں قوم پرست، علیحدگی پسند دہشت گردی ہے تو کہا جاتا ہے کہ یہ حقوق کی جنگ ہے ’ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 'دہشت گردوں، ان کے مالی و نظریاتی مدد گاروں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں