مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی کے ملک گیر مظاہرے

مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی کے ملک گیر مظاہرے

لاہور(سیاسی نمائندہ ،نیوزا یجنسیاں )جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مہنگائی،طویل لوڈ شیڈنگ اور بجٹ میں ٹیکسوں کے خلاف ملک گیر مظاہرے ہوئے ۔

پنجاب،سندھ،  بلوچستان،پشاور اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں ہونے والے مظاہروں کی قیادت جماعت اسلامی کی مرکزی،صوبائی اور ضلعی قیادت نے کی۔مظاہروں میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے تلہ گنگ،چکوال،اٹک اور سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے گجرات میں مظاہرین سے خطاب کیا۔امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی را ؤظفر نے ملتان پریس کلب کے سامنے ہونے والے مظاہرے کی قیادت کی۔امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے قصور اور امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبد الحق ہاشمی نے کوئٹہ میں مظاہرین سے خطاب کیا۔امیر جماعت اسلامی کے پی کے پروفیسر محمد ابراہیم نے پشاور اور سیکرٹری جنرل عبد الواسع نے مردان میں مظاہرین سے خطاب کیا۔امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کالا پل کراچی،امیر سرگودھا اویس قاسم نے سرگودھا اور امیر شیخوپورہ رانا تحفہ دستگیر نے شیخوپورہ میں مظاہروں کی قیادت کی۔لیاقت بلوچ نے تلہ گنگ، چکوال اور مہلوانی اٹک میں بجلی لوڈشیڈنگ اور مہنگائی بحران کے خلاف احتجاجی پروگراموں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں چھپے ٹیکس عوام سے جینے کا حق چھین لیں گے ۔

دیگر مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں عوام پس کر رہ گئی ہے ۔ ادھر جماعت اسلامی کے زیر اہتمام لاہور میں منصورہ ملتان چونگی ، برکی لاہور، اکبری مارکیٹ ،مین جی ٹی روڈ تھانہ شاہدرہ، راوی چوک ، بیرون دہلی گیٹ، شاد باغ سکیم، شاہراہ مادھولال حسین، نشتر کالونی سٹاپ فیروز پور روڈ، شنگھائی پل،اکبر چوک،ٹاؤن شپ، باگڑیاں سٹاپ،پرانا کاہنہ فیروز پورروڈ، چوک عاشق آباد سمیت شہرکی مختلف اہم شاہراہوں اور چوکوں پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے ، دہلی گیٹ میں امیر زون پی پی 147 شیخ سلیم کی زیرقیادت مظاہرہ کیاگیا، جس میں قاری اظہرالدین ودیگر کارکنوں نے شرکت کی ۔امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ اور سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور خالد احمدبٹ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کیا اور کہا کہ نااہل حکمرانوں نے بجلی 300 یونٹ فری دینے کی بجائے 355 فیصد مہنگی کردی ہے ۔ کمرشل صارفین کیلئے مقررچارجز میں 300 جبکہ صنعتی استعمال پر 355 ظالمانہ اضافہ کیا گیا ہے جو قابل مذمت ہے ۔ دوسری جانب جماعت اسلامی پی پی 169 کے تحت مہنگی بجلی، بلوں میں اضافے اور لوڈشیڈنگ پر احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں والے پنکھے احتجاجی طور پر تھام کر حکومت مخالف نعرے بازی کی۔ نائب امیر جماعت اسلامی جنوبی لاہور احمد سلمان بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی مل کر عوام کی درگت بنا رہے ہیں۔ادھر فیصل آباد،گوجرانوالہ، ساہیوال، اوکاڑہ ،شیخوپورہ، قصور سمیت پورے پنجاب اورملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔دوسری جانب جیکب آباد میں بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اورقیمتوں میں مسلسل اضافے کیخلاف مقامی دفتر سے ڈی سی چوک تک جماعت اسلامی کے ضلعی امیر حاجی دیدار علی لاشاری کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں