پشاور:بھتہ خوردھمکی آمیز خطوط ،کالز کے بعد تابوت بھجوانے لگے

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک )پشاور میں جرائم پیشہ افراد نے شہریوں کو ڈرانے کیلئے نیا حربہ اپنا لیا، بھتہ خور دھمکی آمیز خطوط اور کالز کے بعد اب تابوت بھی بھجوانے لگے ۔
فقیر آباد میں بھتہ خوروں نے ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک کو دھمکی آمیز خطوط اور فون کالز کے بعد گھر پر 2 تابوت بھجوا دیئے ۔پولیس نے تابوت لے کر آنے والے رکشوں کو تابوت سمیت تحویل میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق بھتے کی کال کرنے والا شخص خود کو سرکاری ادارے کا افسر ظاہر کرکے ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک غلام قادر سے ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کر رہا تھا۔ پولیس کے مطابق کچھ روز قبل بھی کاروباری شخصیت کے دفترپرفائرنگ کی گئی ،بھتہ خوروں کی جانب سے ایک ماہ سے مسلسل دھمکی آمیزکالز آنے پر کاروباری شخصیت نے تحفظ کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ۔