دسمبر تک تمام کرنسی نوٹ تبدیل کرنیکا فیصلہ،پلاسٹک نوٹ بھی آئیگا
اسلام آباد(نمائندہ دنیا،مانیٹرنگ، نیوز ایجنسیاں) رواں سال دسمبر تک دس روپے سے لیکر پانچ ہزار روپے تک تمام کرنسی نوٹ تبدیل کرنے کا فیصلہ، دسمبر تک تمام کرنسی نئے ڈیزائن کے مطابق متعارف کرائی جائے گی۔
گورنر سٹیٹ بینک نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کو بتایا کہ کاغذ کی کرنسی کی بجائے ایک نوٹ پلاسٹک کا بھی متعارف کرایا جائے گا، نئے ڈیزائن کی کرنسی متعارف کرانے کیلئے وفاقی کابینہ سے جلد منظوری لی جائے گی، کمیٹی رکن محسن عزیز نے سمگلنگ کی روک تھام کیلئے پانچ ہزار کا نوٹ بند کرنے کی تجویز دی جس پر گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ پانچ ہزار کی کرنسی کا نوٹ بند نہیں کیا جائے گا اور نہ ایسی تجاویز ہیں، اس کا غلط استعمال روکنا تو لا انفورسمنٹ ایجنسیوں کا کام ہے ۔پلاسٹک کرنسی کی لائف کاغذ کی کرنسی سے بہتر ہوئی تو مستقبل میں یہی استعمال ہو گی۔ نئے کرنسی نوٹوں میں تمام نئے فیچرز متعارف کرائے جائیں گے ، پلاسٹک کرنسی کیلئے پولی مر کا پلاسٹک استعمال کیا جائے گا، مرکزی بینک ڈیجیٹل کرنسی کیلئے مختلف ممالک کے ماڈلز کی سٹڈی بھی کر رہا ہے ۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف پروگرام کے بارے میں میڈیا پر چلنے والے خبروں کی وضاحت کی۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ امید ہے ستمبر میں آئی ایم ایف اجلاس میں پاکستان کا کیس آجائے گا، آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، آئی ایم ایف کی شرائط ہیں، اکتوبر سے پہلے ڈیپازٹ پروٹیکشن ترمیمی بل منظور کیا جانا ضروری ہے ، کمیٹی کی تجویز پر اس بل کو آئندہ ہفتے پارلیمنٹ میں پیش کر دیں گے ۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ نگران دور حکومت میں ڈیپازٹ پروٹیکشن ترمیمی بل پارلیمنٹ میں پیش کیا گیاجس پر سینیٹر فاروق نائیک نے کہا کہ نگران حکومت میں غیر آئینی طور پر یہ بل پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا، وزارت خزانہ دوبارہ بل جمع کرائے ، بل کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے ۔خزانہ کمیٹی نے ایف بی آر میں گزشتہ 2 برس کے دوران او ایس ڈی کیے گئے افسران کا ایجنڈا ان کیمرا کر دیا۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا اس ایجنڈا کو ان کیمرا کرنے کی کیا ضرورت ہے ،سولر پینلز کی درآمد میں منی لانڈرنگ ہوئی، پوری دنیا کو یہ معلوم ہے کہ منی لانڈرنگ ہوئی ہے ، اس منی لانڈرنگ میں بڑے بڑے نام ہیں، اگر اس ایجنڈے کو ان کیمرا کیا گیا تو ہم احتجاج کریں گے ۔