تمام جماعتوں،حکومتوں،اداروں کیساتھ بیٹھ کر فیصلے کیے جائیں:نواز شریف

تمام جماعتوں،حکومتوں،اداروں کیساتھ بیٹھ کر فیصلے کیے جائیں:نواز شریف

لاہور(اپنے نامہ نگار سے ،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر نواز شریف نے کہا ملک کو معاشی بحران سے نکالنے اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں ، حکومتوں اور اداروں کے ساتھ بیٹھ کر فیصلے کئے جائیں۔

 وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنے اخراجات میں کٹوتی اور بچت سے عوام کے ریلیف کے لئے وسائل مہیا کریں، ن لیگ ہی عوام کو مہنگائی، بھاری بلوں سے نجات دلائے گی،نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی کا لاہور میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا، وزیراعظم شہبازشریف ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، پارٹی کے نائب صدر حمزہ شہبازسمیت پارٹی کے سینئر رہنماؤں ، عہدیدار وں نے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں مجموعی سیاسی ومعاشی صورتحال، عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر مشاورت ہوئی، وزیراعظم شہبازشریف نے عوام کے ریلیف کے لئے وفاقی حکومت کے اقدامات پر پارٹی سربراہ کو بریف کیا،شہبازشریف نے سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ہونے والی بات چیت پر بھی پارٹی صدر کو اعتماد میں لیا، وزیراعظم نے کہا خساروں کے شکار اداروں سے نجات کے ذریعے عوامی ریلیف کے لئے مالی گنجائش پیدا کرنے کی کوشش جاری ہے ، عوام کو ریلیف کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں، مریم نوازنے پنجاب میں عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف کے اقدامات پر آگاہ کیا ، نوازشریف نے وفاقی حکومت کے 50 ارب اور پنجاب حکومت کے 46 ارب کے عوامی ریلیف کو سراہا اور کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف مشکل معاشی حالات میں نہایت محنت، جذبے اور بھرپور صلاحیت سے پرخلوص کام کررہے ہیں۔

انہوں نے پنجاب کے عوام کو بجلی بلوں میں14 روپے فی یونٹ ریلیف کی فراہمی شروع ہونے پر مریم نوازکو بھی شاباش دی اور کہا کہ چاہتاہوں کہ پاکستان کے ہرشہری کو مہنگائی سے جلد ریلیف ملے ، مریم نواز اور اُن کی ٹیم شاباش کی مستحق ہے ۔ انہوں نے کہا گھریلو کے بعد صنعتی صارفین کیلئے ریلیف تلاش کر رہے ہیں، معیشت کو پاؤں پر کھڑا کرنا ترجیح ہے ، ایسا نہیں ہو سکتا کہ ہم کام کریں اور دوسرا کوئی آ کر ملک کی ترقی کو روکے اور غلط فیصلے کر کے ملکی ترقی کو ہی روند ڈالے ، پی ٹی آئی کی ناقص پالیسیوں نے ملک مہنگائی میں دھکیل دیا ہے ۔دریں اثنا پاکستان مسلم لیگ ن نے رواں سال کے دوران ہی پنجاب اور اسلام آباد میں نئے بلدیاتی انتخابات کروانے کا فیصلہ کر لیا، ذرائع کے مطابق بلدیاتی انتخابات رواں سال نومبر یا دسمبر میں کروائے جاسکتے ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے آئندہ چند روز میں پارٹی کی تنظیم سازی پر مبنی اہم اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے ، پارٹی صدر نے آئندہ اجلاس میں پارٹی کی تنظیم سازی پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے پنجاب کے بلدیاتی قانون میں مزید اصلاحات کی بھی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں