گورنر کی بلوچستان میں شہید کیپٹن محمد علی کے گھرجاکرتعزیت
لاہور(سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے شہید کیپٹن محمد علی قریشی کے گھر گئے جہاں اُنہوں نے شہید کے خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں کیپٹن محمد علی قریشی کی ملک کے لیے دی گئی قربانی پر فخر ہے ۔ ایسے بیٹے قوم کے ہیرو ہیں جو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیش پیش ہیں۔ مسلح افواج ان شاء اللہ ملک کو ہمیشہ کے لیے دہشت گردی سے پاک کرنے میں کامیاب ہونگی۔قبل ازیں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کنگ ایڈورڈ میڈکل یونیورسٹی گئے جہاں اُنہوں نے بطور چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے 16 ویں سینیٹ اجلاس کی صدارت کی۔ وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بطور پرو چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اجلاس میں شرکت کی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے طبی دنیا میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے پر وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔اس موقع پر جسٹس شہرام سرور چودھری ، پرنسپل سیکرٹری گورنر پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد معین، سپیشل سیکرٹری محکمہ سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن طارق محمود، ممبر پبلک سروس کمیشن احمد علی کمبوہ ودیگر بھی موجود تھے ۔