لسانیت کا کارڈ بانی پی ٹی آئی کے گلے ہی پڑے گا:عظمیٰ بخاری
لاہور (دنیانیوز،نیوزایجنسیاں)وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل کے قیدی کی سوچ صوبوں کو آپس میں لڑانا ہے ،صوبائیت اور لسانیت کارڈبانی پی ٹی آئی عمران خان کے اپنے ہی گلے پڑے گا۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ علی امین گنڈاپور عوامی اعتماد کھو چکے ہیں اور پی ٹی آئی کے اپنے ہی لوگ اسے مسٹر 10 پرسنٹ کہہ رہے ہیں۔ جس صوبے میں پی ٹی آئی کی پچھلے 11 سالوں سے حکومت ہے وہاں غربت، روزگاری اور مہنگائی عروج پر ہے ، ایک صوبے کا وزیراعلٰی دوسرے صوبے پر چڑھائی کی باتیں کر کے بغاوت کو ہوا دے رہا ہے حالانکہ پہلی ناکام بغاوت کے ثمرات ابھی تک ملک اور ان کی جماعت بھگت رہے ہیں، دن کے وقت یہ لوگ بھیڑیے بنتے ہیں جبکہ رات کو لومڑی کی طرح معافیاں مانگتے اور پاؤں پکڑتے ہیں۔ پاکستان جب بھی ترقی کی جانب گامزن ہوا پی ٹی آئی کی جانب سے رخنے ڈالنے کی کوشش کی گئی۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو چار کروڑ عوام کی فکر نہیں، یہ لوگ سیاسی شہید بننے کے لئے سیاسی خودکشیاں کر رہے ہیں۔