مہنگائی44ماہ کی کم ترین سطح پر، ڈیفالٹ کی خواہش کرنیوالوں کا منصوبہ ناکام:شہباز شریف

مہنگائی44ماہ کی کم ترین سطح پر، ڈیفالٹ کی خواہش کرنیوالوں کا منصوبہ ناکام:شہباز شریف

اسلام آباد(نمائندہ دنیا)ستمبر کے اختتام پر مہنگائی کی شرح 6 اعشاریہ 9 فیصد ریکارڈ کی گئی ۔ستمبر میں پٹرول ،سبزیوں، دالوں ، چینی اورکوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی آئی ۔

دستاویز کے مطابق اس سے قبل 44 ماہ پہلے جنوری 2021 میں مہنگائی کی شرح 5.7 فیصد کی سطح پر ریکارڈ ہوئی تھی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ستمبر کے دوران ملک کے شہری علاقوں میں مہنگائی 9.3 فیصد اور دیہی علاقوں میں 3.6 فیصد پر آگئی، اگست 2024 میں مہنگائی کی مجموعی شرح 9.6 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، ستمبر 2023 میں 31.4 فیصد تھی، ستمبر 2024 میں مہنگائی حکومتی اندازوں سے بھی کم سطح پر آگئی ، حکومت نے ستمبر اکتوبر میں مہنگائی 8 سے 9 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی تھی، ادارہ شماریات کے مطابق ستمبر میں مہنگائی کی شرح میں 0.52 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 6.93 فیصد پر آگئی ، وزارت خزانہ نے اکتوبر میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی کی پیشنگوئی کی ہے ۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ دال چنا 13.4 فیصد، انڈے 7 فیصد، پیاز 5 فیصد، آلو 1 فیصد مزید مہنگے ہوئے ۔ گوشت، مچھلی، ملک پراڈکٹس، چاول اور خشک میوہ جات بھی مہنگے ہوئے جبکہ ٹماٹر 24.3 فیصد، سبزیاں 18 فیصد، پھل 5.4 فیصد اور آٹے کی قیمتوں میں 4.5 فیصد کمی ہوئی۔ اس کے علاوہ چکن، گندم کے آٹے سے تیار اشیاء کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی، چینی کی قیمت میں 2.2 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ، مہنگائی کی شرح میں کمی کے فارمولہ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر گروتھ میں اضافہ ہوا، یعنی گزشتہ مالی سال ستمبر کے دوران مہنگائی 31.4 فیصد تھی جبکہ ستمبر 2024 کے دوران مہنگائی بڑھنے کی شرح میں کمی ہوئی ۔ 

 اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی )وزیر اعظم شہباز شریف نے مہنگائی کی شرح 44 ماہ کی کم ترین سطح پر آنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت مستحکم، سفارتی تعلقات مضبوط اور عام آدمی کی خوشحالی کا سفر شروع ہوچکا، پوری قوم نے گزشتہ برسوں میں ایک گروہ کی نااہلی کی وجہ سے مشکلات کاٹیں، آئی ایم ایف پروگرام کے اجرا سے معیشت میں مزید استحکام آئے گا۔وزیر اعظم نے مہنگائی کی ماہ ستمبر میں سالانہ شرح 6.9 فیصد ہونے پر حکومت کی معاشی ٹیم کی پذیرائی کی ۔گزشتہ روز وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا اللہ کے فضل و کرم سے عوام سے کئے گئے عہد کی پاسداری میں کامیابی ملنا شروع ہو گئی، مہنگائی کی شرح 6.9 فیصد ہونے سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی متواتر کمی سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے ۔

انہوں نے کہا شرح سود کم ہونے سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا،مہنگائی کی شرح کو 2025 تک 7 فیصد تک لانے کے ہدف کا 2024 میں ہی حصول قابل ستائش ہے ۔انہوں نے کہا پہلے دن سے عوامی ریلیف کیلئے اقدامات کو اولین ترجیح بنایا، پاکستان کے ڈیفالٹ کی خواہش کرنے والوں کا منصوبہ ناکام ہوا۔ وزیر اعظم نے کہا پاکستان کی ترقی کا سفر 2018 میں جہاں رکا تھا، وہیں سے دوبارہ شروع ہو چکا۔دریں اثناء وزیر اعظم شہبازشریف نے چین کے 75ویں یوم تاسیس پر چینی صدر، وزیراعظم اور عوام کو مبارک باد دی ہے ۔وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا صدر شی جن پنگ کی زیرقیادت چین کی ناقابل یقین ترقی پر فخر ہے ۔ پاکستان اور چین آہنی بھائی ہیں دونوں ممالک کی سٹریٹجک شراکت داری وقت کے ساتھ مضبوط ہورہی ہے ۔منگل کو پاکستان کو ٹریکوما فری ملک قرار دینے کے حوالہ سے تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے پاکستان میں بینائی سے محروم کرنے والی بیماری ٹریکوماکے خاتمہ کے اعلان کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا بروقت علاج اور مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ کروڑوں لوگوں کی زندگیاں بچ گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں