سوشل میڈیا پر ویوز کیلئے نجی کالج کیخلاف پراپیگنڈا کر نیوالی جعلی ماں گرفتار
لاہور (کرائم رپورٹر ) سوشل میڈیا پر نجی کالج کے حوالےا سے جعلی ماں بن کر پراپیگنڈا کرنے والی ٹک ٹاکر خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔جعلی ماں کو عدالت کے باہر سے او سی یو ماڈل ٹاؤن پولیس نے گرفتار کیا ۔
او سی یو ماڈل ٹاؤن پولیس نے ٹک ٹاکر خاتون کی گرفتاری ڈال دی ۔پولیس خاتون کو آج عدالت میں پیش کر کے اسکا ریمانڈ حاصل کر ے گی ۔خاتون کے خلاف جعلی ماں بن کر سوشل میڈیا پرپراپیگنڈا کرنے کا مقدمہ تھانہ گلبرگ میں درج ہے ۔مقدمہ پیکا ایکٹ کے تحت درج کیا گیا تھا۔جعلی ماں سارہ خان کینٹ ملتان کی رہائشی ہے ۔سوشل میڈیا پر صرف ویوز لینے کے لیے سارہ خان نے سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا کیا تھاجسکے بعد شر پسند عناصر نے شہر میں توڑ پھوڑ کی تھی ۔ڈی آئی جی او سی یو عمران کشور کا کہنا ہے ملزمہ نے ایک ویڈیو میں مبینہ طور پر ریپ ہونے والی لڑکی کی والدہ ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔اس حوالے سے پنجاب گورنمنٹ کی طرف سے ایس پی آفتاب احمدپھلروان کی سربراہی میں 5 رکنی جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی ۔