جنوبی وزیرستان:فورسز کا آپریشن ،4خارجی دہشتگرد ہلاک
راولپنڈی (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 4 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کارروائی جنوبی وزیرستان کے علاقے سرواکئی میں کی۔
آپریشن علاقے میں خوارج کی موجودگی کی اطلاعات پر کیا گیا تھا،فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، علاقے میں ممکنہ خوارج کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خارجیوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسروں و جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا، شہباز شریف نے کہا دہشتگردی کے ناسور کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے ،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔محسن نقوی نے کہا قوم کو سکیورٹی فورسز پر فخر ہے ۔
لاہور (کر ائم رپو رٹر)دہشتگردی خدشات پرسی ٹی ڈی پنجاب نے 140انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 12 دہشتگرد گرفتارکرلیے ۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائیاں سرگودھا ، بھکر ، رحیم یار خان ، فیصل آباد، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور جھنگ میں کی گئیں ، بھکر سے فتنہ الخوارج کا 1جبکہ سرگودھا سے الزینبیون کا 1انتہائی خطرناک دہشتگرد اسلحہ اور بارودی مواد سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ترجمان کاکہنا ہے کہ دہشتگردوں سے دھماکا خیز مواد، 7ڈیٹونیٹر، 7 فٹ حفاظتی فیوز وائر، گولیاں اسلحہ، دو آئی ای ڈی بم ، موبائل فونز ، ممنوعہ پمفلٹس اور نقدی برآمد کرلی گئی۔ دہشتگردوں کی شناخت ندیم مرتضیٰ، جابر ، آصف افتخار ، شمس الدین ، اعجاز ، حسن خان ، شاہد سعید ، فاروق وغیرہ کے نام سے ہوئی۔ترجمان کے مطابق دہشتگرد مختلف مقامات پر کارروائی کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے ۔رواں ہفتے میں 1318کومبنگ آپریشنز کے دوران173مشتبہ افراد گرفتار کئے گئے ،ان کومبنگ آپریشنز میں 40952افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ، سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے ، دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں ۔