انسانی سمگلر کسی رعایت کے مستحق نہیں:لاہور ہائیکورٹ

انسانی سمگلر کسی رعایت کے مستحق نہیں:لاہور ہائیکورٹ

لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق ندیم نے بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر پیسے بٹورنے والی خاتون انسانی سمگلر کی ضمانت خارج کر دی اور قرار دیاکہ انسانی سمگلر کسی رعایت کے مستحق نہیں ،دوران سماعت ملزمہ کے وکیل ضیا رسول نے دلائل دیتے ہوئے کہا ملزمہ کے خلاف بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا۔

ملزمہ نے مدعی کو رقم واپس کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی، مدعی نے 8لاکھ روپے وصول کرنے کے باوجود ایف آئی اے میں مقدمہ درج کروا دیا، لہذا عدالت ملزمہ کی درخواست ضمانت منظور کر کے ایف آئی اے کو گرفتاری سے روکنے کا حکم دے ،مدعی کے وکیل نے بتایاکہ ملزمہ نے پرتگال بھجوانے کا جھانسہ دے کر 20 لاکھ روپے وصول کیے ملزمہ وصول کی گئی رقم واپس نہیں کر رہی ملزمہ کی گوجرانوالہ کی ماتحت عدالت سے درخواست ضمانت خارج ہو چکی ہے لہذا عدالت ملزمہ کی درخواست ضمانت خارج کرے ،بعد ازاں عدالت کی طرف سے ضمانت خارج ہونے پر ایف آئی اے نے ملزمہ کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں