ڈی چوک احتجاج :بشریٰ بی بی کی 4مقدمات میں ضمانت منظور

 ڈی چوک احتجاج :بشریٰ بی بی کی 4مقدمات میں ضمانت منظور

اسلام آباد، راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ،احمد بھٹی)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد شبیر بھٹی نے پی ٹی آئی 26 نومبر احتجاج پر درج چار مقدمات میں سابق وزیر اعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔

گزشتہ روز سماعت کے دوران بشریٰ بی بی اپنے وکلا خالد یوسف چودھری اور دیگر کے ہمراہ عدالت پیش ہوئیں،دوران سماعت تھانہ رمنا کے تین اور تھانہ ترنول کے ایک مقدمہ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں دائر کی گئیں،عدالت نے چاروں مقدمات میں پچاس پچاس ہزار روپے مالیتی مچلکوں کے عوض بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو نوٹس جاری کردئیے اور سماعت13 جنوری تک ملتوی کردی،ادھر بشریٰ بی بی ڈسٹرکٹ کورٹس سے قبل انسداددہشتگردی عدالت بھی گئیں جہاں 13 مختلف مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری درخواستیں دائر کرناتھیں لیکن فاضل عدالت کے جج کی عدم دستیابی کے باعث واپس چلی گئیں۔اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس پر سماعت بغیر کارروائی کے 30 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی ۔اڈیالہ جیل میں سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے سماعت کی ۔بانی پی ٹی آ ئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا ۔بشریٰ بی بی کیس کی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل آئیں ۔بشریٰ بی بی کے وکیل ارشد تبریز عدالت میں پیش ہوئے ، وکیل صفائی سلمان صفدر اور کوثین فیصل مفتی کی جانب سے ذاتی مصروفیات کے باعث سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی ۔وکلا کی عدم موجودگی کے باعث پراسیکیوشن کے گواہ کا بیان ریکارڈ نہ ہو سکا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں