مذاکرات ، عمران کے جرائم کا ایجنڈا شامل نہیں ہوگا،مصدق

 مذاکرات ، عمران کے جرائم کا ایجنڈا شامل نہیں ہوگا،مصدق

لاہور(ہیلتھ رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں ) وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے بات چیت خوش آئند ہے مگر مذاکرات میں بانی پی ٹی آئی کے جرائم کا ایجنڈا شامل نہیں ہوگا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چند دن میں نیا سال شروع ہونے والا ہے ، نئے سال میں بڑی بڑی تبدیلیاں آئیں گی ، 20 سے 25 ارب کی توانائی خریدتے ہیں تو اس کا بوجھ عام آدمی کے کندھوں پر آتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ شرح سود ، مہنگائی میں بے انتہا کمی آئی ہے ،سرپلس پیدا ہونا شروع ہو گئے ہیں، 6 ماہ میں مہنگائی 38 سے 6 فیصد تک آ گئی ہے ،انہوں نے کہا کہ ایران گیس پر دستاویزات کا تبادلہ ہو رہا ہے اگر بات کروں گا تو وہ پاکستان کے خلاف استعمال ہوگی۔ اگر سستی گیس ملے گی تو کیوں نہیں لیں گے ، سستی گیس حصول میں پابندیوں سے معیشت تباہ ہو سکتی ،ہمارا ملک پابندیوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، درمیان کا راستہ نکالیں گے ۔مصدق ملک نے کہا کہ ہم تو پہلے بھی مذاکرات کے لیے تیار تھے آگے بڑھنا ہے تو ڈائیلاگ کریں، جب تک لوگ مل کر نہیں بیٹھیں گے ، مسئلہ حل نہیں ہوگا، پی ٹی آئی سے بات چیت خوش آئند ہے ، آپ آئیں تو سرآنکھوں پر،آئیں بیٹھ کرتعمیری بات کریں،عوامی مسائل کا حل مذاکرات میں ہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پر کوئی سیاسی کیس نہیں،کوئی ثابت کردے کہ سیاسی کیس ہے تواس پربات ہوسکتی ہے ، جی ایچ کیو،کور کمانڈر ہاؤس پر حملے سب نے دیکھے ، 9مئی واقعات میں ملوث لوگوں کو سزائیں ہورہی ہیں۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سعد رفیق اور خرم دستگیر الیکشن ہار گئے لیکن دھاندلی کا رونا نہیں رویا، ڈیوڈ فینٹن ایٹمی پروگرام کے خلاف جو لابنگ کررہا ہے آپ نے اسے پیسے دے کر ہائر کیا ہے ۔وزیر پٹرولیم نے محکموں میں کرپشن کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بجلی و پانی میں کرپشن ہوتی ہے اس کو دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں