مریم حکومت کا 1 سال، تاریخ ساز منصوبے شروع :عظمٰی بخاری

 مریم حکومت کا 1 سال، تاریخ ساز منصوبے شروع :عظمٰی بخاری

لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے وزیر اعلٰی مریم نواز کی حکومت کا ایک سال مکمل ہو گیا ہے، ایک سال میں پنجاب کے عوام کیلئے تاریخ ساز منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔

رمضان میں تاریخ میں پہلی مرتبہ64 لاکھ مستحق افراد کو ان کی دہلیز پر نگہبان پیکیج پہنچایا گیا،پہلی مرتبہ روٹی کی قیمت کم کی گئی، آٹے کا 20 کلو تھیلا 1200 روپے تک کم ہوا۔ عوام کو بجلی کے بلوں میں 54 ارب روپے کا ریلیف دیا گیا ۔ ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان کی تاریخ کا 54 ارب روپے کی لاگت سے 1000 بیڈ پر مشتمل پہلا پبلک کینسر ہسپتال بنایا جا رہا ہے ۔ 400 ارب روپے سے کسان کارڈ لانچ کیا گیاجس میں اب تک کسان 30 ارب کی خریداری کر چکے ہیں،کسانوں کیلئے گرین ٹریکٹر سکیم ، مستحق افراد کیلئے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام شروع کیا گیا ،27 ہزار طلبا کو بائیکس میرٹ پر تقسیم کی گئیں۔انہوں نے کہا مریم نواز باقی صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی طرح کسی بھی انتظامی عہدے پر فائز نہیں رہیں انہوں نے اپنی کارکردگی سے ثابت کیا ہے کہ انتظامی معاملات چلانے کے لئے عہدہ یا وسائل ہونا لازمی نہیں ۔ وزیر اعلٰی دن رات عوام کی خدمت ایک ماں ، بہن اور بیٹی کی طرح کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا لاہور کے ٹرانسپورٹ سسٹم کو بہتر اور آلودگی کو کم کرنے کیلئے 600 الیکٹرک بسیں لائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کرم اور پارا چنار کے لوگ ادویات کو ترس رہے اور ان کے لوگ پورے پاکستان میں احتجاج کر رہے ہیں۔ کے پی کے میں سڑکیں کھلوانا گنڈا پور کا کام ہے مریم نواز کا نہیں۔ ناصر عباس اڈیالہ جیل کے گیٹ کھلوانے کی بجائے کے پی کے کی سڑکیں کھلوانے پر توجہ دیں تو بہتر ہے ۔ وزیر اطلاعات نے لاہور پریس کلب کے الیکشن میں ارشد انصاری اور ان کے پینل اور کراچی پریس کلب کے نئے عہدیداروں کو مبارکباد بھی دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں