انسدادِسموگ:ایل ڈی اے ،محکمہ سکول ایجوکیشن سے رپورٹس طلب
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے انسدادِسموگ کیلئے درخواستوں پر گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ۔عدالت نے ایل ڈی اے اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے اگلی سماعت پر کارکردگی رپورٹس طلب کرکے مزید سماعت 17 جنوری تک ملتوی کردی ۔
جسٹس شاہد کریم نے دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم میں کہا ہے کہ سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے آگاہ کیا کہ سکول کے بچوں کی ٹرانسپورٹیشن بارے پورٹل میں کالم شامل کر دیا گیا ہے ۔مذکورہ کالم ناکافی، غیر تسلی بخش اور ٹرانسپورٹیشن بارے مکمل معلومات فراہم نہیں کرتا ،ممبران جوڈیشل کمیشن کیساتھ ملکر پورٹل کو مزید بہتر بناکرآگاہ کیا جائے ۔ حکومتی وکیل کیمطابق پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشن انسٹیٹیوشنز آرڈیننس میں ترمیم کیلئے سمری وزیراعلیٰ کے پاس جا چکی ہے ،ترمیم کے بعد رجسٹرنگ اتھارٹی سکول کے بچوں کی ٹرانسپورٹیشن لازمی بنانے کی ہدایت کر سکے گی ۔ مذکورہ ترمیم بہت مختصر اور نجی و سرکاری سکولوں کی ٹرانسپورٹیشن ضروریات کی وضاحت نہیں کرتی، ممبران جوڈیشل کمیشن اور محکمہ قانون کیساتھ ملکر اس شق کو مزید واضح کیا جائے ، بچوں کی ٹرانسپورٹیشن منصوبے بارے نجی سکولز کی از سر نو رجسٹریشن کی جائے ، جاری کردہ ٹرانسپورٹیشن پلان ناکافی ہے تو رجسٹریشن نہ کی جائے ۔ ایل ڈی اے نے لاہور اور گرد و نواح کی سڑکوں کی بہتری کیلئے مناسب کام نہیں کیا جس سے ٹریفک کا رش برقرار ہے ، ڈی جی ایل ڈی اے میٹنگ بلائیں اور عدالت کو رپورٹ جمع کرانے کیلئے کمیٹی تشکیل دیں۔