انٹربورڈکراچی کے متنازع نتائج پر سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کا ہنگامہ
کراچی (سٹاف رپورٹر، این این آئی) انٹربورڈ کے نتائج کا تنازع سندھ اسمبلی میں پہنچ گیا اور ارکان کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی۔ اجلاس اپوزیشن کی شدیدہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا۔
ایم کیو ایم ارکان انٹر میڈیٹ کے امتحانات میں کراچی کے طلبہ کی بڑی تعداد کو فیل کردینے کے معاملے پر بات کرنا چاہتے تھے ۔قائم مقام اسپیکر نے فوری اجازت نہ دی تو اپوزیشن ارکان بپھر گئے اور انہوں نے حکومت سندھ کے خلاف شدید نعرے بازی اور احتجاج شروع کردیا۔ اپوزیشن کے شور شرابے سے ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا اور کان پڑی آواز سنائی نہیں دیتی تھی۔ ایم کیو ایم ارکان نے ایوان کی کارروائی کے ایجنڈے کی کاپیاں بھی پھاڑ کر ہوا میں اچھال دیں۔