اپیکس کمیٹی :وزیر اعظم کا احتجاج کا ذکر کر نامناسب نہیں :گنڈاپور

اپیکس کمیٹی :وزیر اعظم کا احتجاج کا ذکر کر نامناسب نہیں :گنڈاپور

اسلام آباد(دنیانیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہاہے کہ پاکستان ترجیح ہے ، امن و امان قائم کرنے کیلئے مل کر دہشتگردی کا مقابلہ کریں گے ، ایک سیاسی جماعت پر گولیاں برسائی گئیں ملک کا وزیراعظم کہہ رہا ہے کچھ نہیں ہوا،وزیراعظم کا اپیکس کمیٹی میں احتجا ج کا ذکر نامناسب ہے۔

 افغانستان سے جرگہ کے ذریعے مثبت مذاکرات کا اختیار دیا جائے تو مثبت کردار ادا کریں گے ۔اسلام آباد میں نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس تھا،جس میں امن وامان کی صورتحال پر بات چیت ہوئی ، تمام صوبوں نے تہیہ کیا ہے کہ مل کر دہشتگردی کا مقابلہ کرنا ہے ، دہشتگردی کو اس ملک میں برداشت نہیں کرنا۔انہوں نے کہا 26نومبر کے بعد یہ پہلی میٹنگ تھی، اپنا مؤقف یہاں بیان کیا ہے ، ہم ایک سیاسی پارٹی ہیں،اس ملک کے لوگ تھے ، ان کے ساتھ جو رویہ اختیار کیا گیا اس پرہمیں تحفظات ہیں، دہشتگردی کا مقابلہ ہماری فوج ،ایف سی اور سکیورٹی ادارے کررہے ہیں، دہشتگردی کے مقابلے میں جوانوں کی شہادتیں بھی ہورہی ہیں، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہم آخری حد تک جائیں گے ،امن قائم کرکے رہیں گے ۔علی امین نے کہااجلاس میں کرم اور افغانستان کی صورتحال پر بڑی تفصیلی بات ہوئی ، مذاکرات گورنمنٹ ہی کرتی ہے ، اگر ہمیں موقع دیا جائے تو قبائل کو ساتھ ملا کر جرگے میں بات چیت کرسکتے ہیں، کرم میں دہشتگردی کا مسئلہ نہیں دوگروپوں کی لڑائی ہے ، یہ مسئلہ ایک صدی سے چل رہا ہے جو حل ہوچکا ہے ، کرم کے راستے جلد کھول کر لوگوں کو سہولیات دینا شروع ہوجائیں گے ، جب سے بانی پی ٹی آئی کی حکومت گئی دہشتگردی پھیلی، یہ پالیسی میٹر ہوتا ہے ، غلط پالیسی ہی دہشتگردی جیسی چیزوں کو جنم دیتی ہے ، ان کی پالیسی پہلے بھی غلط تھی پھر غلط ہوئی، پی ڈی ایم ون اور پی ڈی ایم ٹو کی پالیسی غلط ہے ، بارڈر پر تمام ذمہ داری ا فواج اور وفاقی حکومت کی ہے ، نیچے سیٹل ایریا آتا ہے اس کی ذمہ داری بالکل میری ہے اورقبول کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا 26 نومبر کی بات وزیراعظم نے خود کی، میں نے کہا تھا کہ 58 زخمی اور 13 شہید ہیں، 45 تاحال لاپتہ ہیں لیکن وزیراعظم کی اس طرح کی بات چیت کرنا نامناسب ہے کہ اسلام آباد میں احتجاج کے دوران گولی نہیں چلی۔ ہم نے اپنے لاپتا افراد کی لسٹ حکومت کو دی ہے تاکہ انہیں بازیاب کرایا جاسکے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں