دنیا بھر میں کشمیری آج یوم حق خود ارادیت منائیں گے
سرینگر، اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، سٹاف رپورٹر) کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم حق خود ارادیت منائیں گے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 5جنوری 1949 کوایک تاریخی قرارداد منظور کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے بھارت یا پاکستان کے ساتھ الحاق کے سوال کا فیصلہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے جمہوری طریقے سے کیا جائے گا۔ آج دنیا بھر میں احتجاجی مظاہروں، ریلیوں، سیمیناروں اور کانفرنسوں سمیت مختلف مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں بھارتی مظالم اجاگر کئے جائینگے اور اقوام متحدہ کو یاد دلایا جائے گا کہ اسے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرانا چاہیے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم حق خود ارادیت کے موقع پر پیغام میں کہا کہ عالمی برادری بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکے ،پاکستان بہادر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ۔ ادھر بھارتی پولیس نے ضلع بارہمولہ میں خاتون سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا ۔ ضلع بانڈی پورہ میں بھارتی فوج کا ٹرک گہری کھائی میں گرنے سے چار فوجی ہلاک ، دو شدید زخمی ہو گئے ۔سرینگرہائیکورٹ نے میاں مظفرایڈووکیٹ سمیت تین کشمیریوں کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظر بندی کالعدم قرار دیدی ۔