پاک بحریہ نویں امن مشقوں 2025 ء کی میزبانی کیلئے تیار
کراچی (آئی این پی) پاک بحریہ نویں امن مشقوں2025 کی میزبانی کے لیے تیار ہے ، نویں بین الاقوامی امن مشقیں 7 سے 11 فروری تک منعقد کی جائیں گی، رواں برس پاکستان نیوی امن ڈائیلاگ کی میزبانی بھی کرے گی۔
رواں برس امن 2025 مشقوں کی سب سے خاص بات نیول چیف اور کوسٹ گارڈز کے سربراہوں کا امن ڈائیلاگ ہوگا۔امن 2025 مشقوں کے ساتھ پہلی مرتبہ امن ڈائیلاگ کا افتتاحی سیشن بھی منعقد کیا جائے گا، امن ڈائیلاگ میں دنیا بھر کی سینئر بحری قیادت علاقائی سلامتی اور سمندری خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کرے گی۔ امن ڈائیلاگ میں شریک ممالک کے نیول چیفس، کوسٹ گارڈز اور ڈیفنس فورسز کے سربراہان شرکت کریں گے ۔مشقوں میں دنیا بھر سے 60 ممالک اپنے بحری جہازوں، ہوائی جہازوں اور اسپیشل سروسز گروپس کے ساتھ شرکت کریں گے ۔ امن مشقیں 2007 سے ہر 2 سال بعد منعقد کی جا رہی ہیں، جس کا مقصد علاقائی امن اور تعاون کو فروغ دینا ہے ۔ امن مشقوں کو ہاربر اور سی فیز میں تقسیم کیا جا سکتا ہے ۔ امن 2025 مشقوں کی افتتاحی تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں منعقد کی جائے گی۔ اس دوران پاک میرینز کاؤنٹر ٹیررازم کے حوالے سے مہارت کا مظاہرہ بھی کریں گے ۔ میری ٹائم سکیورٹی اور بحری دفاع کے حوالے سے ٹیبل ٹاپ ڈسکشنز بھی منعقد کی جائیں گی۔ مشقوں کے دوران بین الاقوامی ملٹری بینڈ ڈسپلے کے ساتھ کلچرل ڈسپلے اور فوڈ گالا بھی منعقد کیا جائے گا۔ امن مشقوں کے دوران 11 فروری کو انٹرنیشنل فلیٹ ریویو ہو گا۔ انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے دوران پاکستان نیوی کے دستے کاؤنٹر پائریسی ڈیمو پیش کریں گے ۔ پاک فضائیہ، پاک بحریہ اور شریک ممالک کے دستے فلائی پاس بھی پیش کریں گے ۔ مشقوں میں اسپیشل آپریشن فورسز، ایکسپلوزیو آرڈننس ڈسپوزل اور میرینز ٹیم بھی حصہ لیں گی۔ میری ٹائم دہشت گردی اور دیگر جرائم کے خلاف اسپیشل آپریشن فورسز اور ایکسپلوزیو آرڈننس ڈسپوزل ٹیمز کا کلیدی کردار ہے ۔