پختونخوا کی سرکاری جامعات کیلئے 3ارب گرانٹ ان ایڈ منظور
پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختونخوا کی سرکاری جامعات کو رواں مالی سال کے دوران بجٹ خسارے کا سامنا ہے ، صوبائی حکومت نے گرانٹ کی مد میں 3 ارب روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دی گئی، فنڈز رواں مالی سال کے دوران سپلیمنٹری گرانٹ کے ذریعے تین مرحلوں میں جاری کرنے کی ہدایت کی گئی۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم کے مطابق گرانٹ ان ایڈ کی مد میں ایک ارب روپے یونیورسٹی ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی فوری ادائیگی کیلئے جاری کئے جائیں گے ۔ محکمہ خزانہ کو مالی امور کی بہتری کا ٹاسک دیا گیا کہ مالی بحران پر قابو پانے کیلئے انضمام پر غور کرے ۔ محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق مالی سال 2023-24 کیلئے 34سرکاری جامعات کے مجموعی اخراجات 37ارب روپے اور یونیورسٹیوں کی آمدن 22ارب روپے ہے ۔ صوبائی حکومت نے گزشتہ سال 1.9 ارب کی گرانٹ ان ایڈ کے طور پر حصہ ڈالا، کمزور مالی حالت کے پیش نظر حکومت سے مزید 13.9 ارب روپے درکار ہوں گے ۔محکمہ اعلیٰ تعلیم نے بتایا پنشن کیلئے 6.57 ارب روپے ، نان پنشن واجبات اور خسارے کیلئے 7.32 ارب روپے ضرورت ہیں۔