بلوچستان : خاتون کا خودکش حملہ،سکیورٹی اہلکار شہید، 4زخمی، طور خم : افغان طالبان اور پاکستانی فورسز میں جھڑپ

بلوچستان : خاتون کا خودکش حملہ،سکیورٹی اہلکار شہید، 4زخمی، طور خم : افغان طالبان اور پاکستانی فورسز میں جھڑپ

قلات ،ڈیرہ غازی خان(ڈسٹرکٹ رپورٹر، دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان کے ضلع قلات کی مین شاہراہ پر سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خاتون کے خودکش حملے میں ایک جوان شہید اور چار زخمی ہوگئے جبکہ پنجاب پولیس نے ڈیرہ غازی خان میں خوارجی دہشت گردوں کے مختلف مقامات پر 2 حملے ناکام بنا دئیے، جس پر حملہ آور دہشت گرد پسپا ہو کر فرار ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع قلات کے علاقے مغل زئی کی مین شاہراہ پر خوارجی دہشت گردوں کے حملے میں ونگ کمانڈر محفوظ رہے جبکہ نائیک عطا اللہ شہید اور سپاہی وکیل ودیگر زخمی ہوگئے ۔حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر قلات بلال شبیر نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکہ خود کش تھااورایک خاتون نے کیااور مزید تحقیقات کی جارہی ہیں ۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سرحدی علاقے مڑھا میں خوارجی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا، پنجاب پولیس ، سی ٹی ڈی اور رینجرز کا پنجاب اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقہ مڑھا میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا،خوارجی دہشتگرد بھاری اسلحہ کے ساتھ پولیس ٹیموں پر حملہ آور ہوئے ،پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں خوارجی دہشت گرد پہاڑوں میں فرار ہو گئے ،اسی دوران خوارجی دہشت گردوں کے ایک اور گروپ نے تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی لکھانی پر حملہ کر دیا،15 سے 20 خوارجی دہشت گرد چیک پوسٹ پر حملہ آور ہوئے ، تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے خوارجی دہشت گردوں کی نشاندہی کی گئی، خوارجی دہشت گردوں نے راکٹ لانچرز، ہینڈ گرینیڈ اور دیگر بھاری اسلحہ کا استعمال کیا، پولیس کی فوری جوابی کارروائی نے خوارجی دہشت گردوں کو پسپائی اور فرار ہونے پر مجبور کر دیا ،پختونخوا بارڈر پر پولیس ٹیمیں اور تمام چیک پوسٹس پہلے سے ہائی الرٹ ہونے کے باعث حملہ ناکام بنایا گیا،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے والے جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس قبل ازیں خوارجی دہشت گردوں کے 18 حملے ناکام بنا چکی ہے۔

خیبر (نمائندہ دنیا)پاک افغان بارڈر طورخم پر پاکستانی سکیورٹی فورسز اور افغان طالبا ن کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کئی افراد زخمی ہوگئے ، کئی گھروں کو نقصان پہنچا،حالات کے پیش نظر علاقے سے نقل مکانی کاسلسلہ شروع ہوگیا ۔تفصیلات کے مطابق  پاکستانی سکیورٹی فورسز اور افغان طالبان کے درمیان طورخم بارڈر پر گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے ، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا، افغانستان سائیڈ سے داغے گئے مارٹر گولے طورخم کے علاقے باچہ مینہ اور ملحقہ آبادی پر جاگرے ،جس کے نتیجے میں کئی گھروں کو نقصان پہنچا،طورخم باچہ مینہ سے مقامی آبادی محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کرنے لگی ہے ۔طورخم بارڈر گزشتہ 10 روز سے بند ہے ، کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں ۔عوام نے حکام سے مطالبہ کیاہے کہ مضان المبارک کے مقدس مہینے کی خاطر مذاکرات کے ذریعے طورخم بارڈر پرکشیدگی کامعاملہ خوش اسلوبی کیساتھ ختم کریں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں