مہنگائی کی شرح 38 سے ڈیڑھ فیصد پر آ گئی :خواجہ آصف
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ 2 سال قبل پی ڈی ایم نے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے اقتدار حاصل کیا اور پاکستان میں کرپشن کے کھنڈرات کے اوپر ایک عمارت کی تعمیر شروع کی۔
ساری پارٹیوں نے ملکر محنت اور جانفشانی کے ساتھ ایک امید کی کرن پیدا کی کہ یہاں ڈالر 600 روپے کا نہ ہو، خوراک کیلئے بلوے نہ ہوں،یہ خوف تھا کہ آئی ایم ایف ہمارا ہاتھ پکڑے گا یا نہیں۔ مسلم لیگی کارکنوں کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ملک ملک دورے کئے ، اس وقت کوئی یہ نہیں سوچ سکتا تھا کہ مہنگائی کی شرح 38 سے ڈیڑھ فیصد رہ جائے گی، یہ اﷲ کے معجزے ہیں جو اتحادی ہیں وہ ساتھ ثابت قدمی سے کھڑے رہے ، کل امریکہ کی سٹاک مارکیٹ کریش کی ہے پاکستان ایک لاکھ سے زائد پوائنٹس سے آگے گئی ہے ، عمران خان جیب کترے تھے ، جنرل باجوہ اور جنرل فیض بریفنگ د ینے آتے تو یہ نہیں آتے ، اب کہتے ہیں کہ سکیورٹی کی میٹنگ میں میری پارٹی نہیں جائے گی جب تک میں نہیں جاؤں گا۔ مختلف سیاسی پارٹیوں کو اکٹھا رکھنا اور معیشت کو بہترکرنا کوئی آسان کام نہیں تھا ،بجلی کی قیمتوں میں 15 سے 16 فیصد کمی بڑا ریلیف ہے ، جون تک سیالکوٹ کھاریاں موٹر وے مکمل ہونے جارہی ہے ، سیالکوٹ لاہور موٹر وے پر ایک لین کا اضافہ کیا جائے گا لاہوراسلام آباد کی 60 فیصد ٹریفک اس موٹر وے پر منتقل ہو جائے گی، ضلع سیالکوٹ کی رنگ روڈ ایمن آباد روڈ، ڈسکہ روڈاور وزیر آباد روڈ کو ملائے گی۔