مین ہولز کے ڈھکن چوری کی رواں سال 43ایف آئی آرز
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )مغلپورہ میں کھلے مین ہول میں گر کر 5سالہ عثمان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے واسا انتظامیہ نے ڈائریکٹر واسا ذیشان بلال کو انکوائری آفیسر مقرر کردیا جو تین دن میں مکمل رپورٹ پیش کرینگے ۔
ابتدائی انکوائری رپورٹ میں واسا نے کھلے مین ہول کو ڈھکن کی چوری کا نتیجہ قراردے دیا،واسا کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں گٹروں کے ڈھکن چوری ہونا سنگین مسئلہ بن چکا ہے ۔اعداد و شمار کے مطابق صرف 2025 کے آغاز سے ابتک مین ہول کورز چوری ہونے پر 43 ایف آئی آر درج کروائی جا چکی ہیں جبکہ 2024 میں واسا کی حدود میں 22 ہزار 75 گٹروں کے ڈھکن یا تو چوری ہوئے یا ٹوٹ گئے ۔ 2023 میں یہ تعداد 18 ہزار 980 رہی اور 2022 میں 19 ہزار 824 مین ہول کورز غائب ہوئے ۔واسا انتظامیہ نے حالیہ واقعہ میں چوری ہونے والے ڈھکن کی جگہ دوسرا ڈھکن رکھ دیا اور ابتدائی رپورٹ بھی وزیر اعلیٰ آفس ارسال کر دی۔